وفاقی حکومت سے تعصب کی بو آتی ہے، ترجمان سندھ حکومت

ویب ڈیسک  منگل 12 مئ 2020
سندھ حکومت کوہردن تنقیدکانشانہ بنایاجارہاہے،مرتضیٰ وہاب فوٹو: فائل

سندھ حکومت کوہردن تنقیدکانشانہ بنایاجارہاہے،مرتضیٰ وہاب فوٹو: فائل

 کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی تعصب پر مبنی پالیسی نہیں رکھتی لیکن وفاقی حکومت سے تعصب کی بو آتی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کبھی حقائق پر بات نہیں کرتی، صرف الزامات لگاتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، پی ٹی آئی والے آج کل محکمہ صحت سندھ کے پیچھے پڑے ہیں، کبھی ان لوگوں نے بجٹ کتاب پڑھی ہوتی تو سوال نہیں اٹھاتے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی مثال پیپلزپارٹی دور میں آئی، سندھ کے اسپتالوں میں ملک بھر کے مریضوں کا علاج مفت ہوتا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد ادارہ امراض قلب کےلیے 11ارب کا بجٹ مختص کیا، گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 196 افراد کا مفت لیور ٹرانسپلانٹ ہوا، سندھ کے اسپتال مہنگے ترین علاج مفت فراہم کررہے ہیں،سندھ میں علاج کرانے والے 30 فیصد افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کو ہردن تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پیپلز پارٹی تعصب پر مبنی پالیسی نہیں رکھتی لیکن وفاقی حکومت سے تعصب کی بو آتی ہے۔ وزیر اعظم خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کا دورہ کرتے ہیں لیکن سندھ کا نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔