سندھ حکومت کا میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 14 مئ 2020
آئین میں تبدیلی کرکے بچوں کو اگلی کلاس میں پروموٹ کردیا جائے گا، وزیر تعلیم سندھ ۔ فوٹو : فائل

آئین میں تبدیلی کرکے بچوں کو اگلی کلاس میں پروموٹ کردیا جائے گا، وزیر تعلیم سندھ ۔ فوٹو : فائل

کراچی: سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرکے طلبا کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی کرکے بچوں کو پروموٹ کردیا جائے گا، بورڈ کے امتحان نہ ہونے کے فیصلے کا اعلان اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا جب کہ بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے لئے قانون تبدیل کیا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سندھ میں آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے بعد ہی اس پر عمل کیا جائے گا، تمام بچوں کا ڈیٹا تیار کریں گے تاکہ اگلی جماعت میں داخلہ اور یونیورسٹی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جب کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طالبعلموں کو پروموٹ کرنے کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو بچے فیل ہیں ہم ان کو پاسنگ مارکس دیکر پروموٹ کریں گے اور دیگر بچوں کو 3 فیصد اضافی مارکس دیکر پروموٹ کیا جائے گا، نویں کلاس کا طالب علم نتیجے کی بنیاد پر دسویں میں پروموٹ کیا جائے گا جب کہ دسویں جماعت کے طلبا کو نویں جماعت کے نتیجے کی بنیاد پر پاس کیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ جو دسویں اور بارہویں جماعت میں ہیں ان کے پچھلے رزلٹ ہمارے پاس موجود ہیں، جامعات کے ساتھ بھی رابطے داخلے کے حوالے سے میں ہیں تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔