سندھ میں کورونا کے مزید 758 کیس، مصدقہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار 99 ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 مئ 2020
سندھ میں کورونا کے 3073 مریض صحتیاب ہوگئے فوٹو: فائل

سندھ میں کورونا کے 3073 مریض صحتیاب ہوگئے فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کے 758 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار 99 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا کی صورت حال کے حوالے سے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4408 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ایک لاکھ 7 ہزار 827 ٹیسٹ کیے گئے ہیں،آج 758 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جبکہ 9 مزید لوگ جان کی بازی ہار گئے، 105 مریضوں کی حالت تشویشناک ہیں جس میں 37 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ سندھ میں اب تک 14099 کورونا کیسز ہو چکے ہیں، صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3073 ہے، گھروں میں 9307، 915 آئسولیشن مراکز اور 561 مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹیسٹ کے نتیجے میں 758 نئے کیسز سامنے آئے جو ٹیسٹ کا 17 فیصد ہے، ان 758 کیسز میں سے شہر کراچی میں 555 نئے کیسز سامنے آئے، ضلع شرقی میں 137، وسطی میں 124، جنوبی میں 107، کورنگی میں 72، ملیر میں 58 جب کہ ضلع غربی میں 54 نئے کورونا کیسز ظاہر ہوئے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں 33، لاڑکانہ میں 26 ، مٹیاری میں 16، ٹنڈو محمد خان میں 6، قمبرشہداد کوٹ میں 5، دادو، گھوٹکی اور جیکب آباد میں 3،3، میرپورخاص، عمر کوٹ، شہید بینظیر آباد، شکارپور اور جامشورو میں 2،2 جب کہ تھرپارکر، کشمور، کندھ کوٹ، نوشہرو فیروز، سجاول، اورٹھٹھہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیر جو گوٹھ میں 291 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، 52 ٹیسٹ دوبارہ کیے گئے جس میں 18 مثبت آئے ہیں، ان 18 کیسز میں 2 ڈاکٹرز اور ایک ضلعی انتظامیہ کا افسر ہے، مجھے افسوس ہے کہ لوگوں کی غلط بیانی کے باعث لوگ ٹیسٹ کرانا نہیں چاہتے، پیر جو گوٹھ کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ کروائیں اور اپنے پیاروں کی زندگیاں بچائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔