ہمیں لاک ڈاؤن سے زیادہ خطرہ بھوک و افلاس سے ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 14 مئ 2020
لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے ہے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس سے ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صحت کی سہولیات، اسپتالوں کی استعداد میں اضافے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، طبی آلات کی فراہمی اور پیشہ ورعملے کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، جب کہ معاون خصوصی صحت ظفرمرزا نے ملک بھر میں متاثرین کےاعداد و شمار، مصدقہ کیسز، جغرافیائی پھیلاؤ ااور ٹیسٹنگ کی تعداد سمیت کیسز میں اضافے سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھوک اور وبا کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات میں توازن برقرار رکھنا ہے،  ہمیں جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس سے ہے، لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے، ہمیں اپنے فیصلے زمینی حقائق اورعوام کی حالت زار دیکھ  کر کرنے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ادراک ہے کاروبارکی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، ٹرانسپورٹ کی بندش سےعام آدمی کا کاروبار اور نقل وحرکت شدید متاثر ہوئی، جب تک معیشت بحال نہیں ہوجاتی غریب و نادارطبقے کی مشکلات بڑھیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس عوام پرسختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے، حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے عوام دوست اور آگاہی پر مبنی طرزعمل اپنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔