اندرون ملک پروازیں شروع، ٹکٹ 10ہزار روپے مہنگا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 مئ 2020
طیارے میں 40 فیصد کم مسافر ہونگے، ایئرلائنز کے کرائے مساوی ہیں، ترجمانPIA۔ فوٹو: فائل

طیارے میں 40 فیصد کم مسافر ہونگے، ایئرلائنز کے کرائے مساوی ہیں، ترجمانPIA۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملکی فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد اندرون ملک مسافروں کو لوڈ کم ہونے کی وجہ سے زائد کرایوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز کے کرایوں میں ماضی کے مقابلے میں توازن نہیں ہے، قومی ایئر لائن سمیت اجازت کے تحت ملکی پروازیں آپریٹ کرنے والی نجی ایئر لائن کی جانب سے کرایوں میں فی ٹکٹ 10 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد،کراچی، لاہور پشاور کیلیے دوطرفہ ٹکٹ 50سے 55 ہزار روپے میں فروخت ہوں گے،موجودہ صورتحال میں اندرون ملک پروازوں پر سماجی فاصلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے 40 فیصد مسافروں کا لوڈ کم کیا گیاہے،اور ایئر کرافٹ کی گنجائش سے آدھے مسافروں کو پروازوں میں بٹھایا جارہاہے، مسافروں کی کم گنجائش کی وجہ سے سفر کرنے والے نئے مسافروں کو اضافی کرایوں کا سامنا کربا پڑے گا، 16 مئی سے 5 مخصوص ایئر پورٹس پر اندرون ملک مسافروں کو ہفتے میں 4 روز سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاوراور کوئٹہ کے لیے مسافروں اور فضائی میزبانوں کو جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا،مذکورہ معاملے پر ترجمان پی آئی اے عبداﷲ خان کا کہنا ہے کہ کراچی تا اسلام آباد یا لاہور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 22،826 روپے سے شروع ہوتا ہے، کراچی تا پشاور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس22،108 روپے سے شروع ہورہا ہے۔

کراچی تا کوئٹہ اور کوئٹہ تا لاہور یا اسلام آباد یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 14،448 روپے سے شروع ہورہا ہے، حکومت سے مشاورت کے بعد تمام ایئرلائنز نے کرائے عوام کی سہولت کی خاطر برابر رکھے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔