آٹے کی قیمت کم کرنے سے انکار، 3 صوبوں میں فلور ملز بند

عامر نوید  پير 18 مئ 2020
آٹے کی قلت کو ئی خدشہ نہیں اور مارکیٹ میں تین سے  چار دن کا آٹا موجود ہے۔ فوٹو، فائل

آٹے کی قلت کو ئی خدشہ نہیں اور مارکیٹ میں تین سے چار دن کا آٹا موجود ہے۔ فوٹو، فائل

لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت کم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی فلور ملز بند کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فلور ملز کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے چھاپوں کے خلاف ہڑتال جاری ہے جب کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکریٹری خوراک وقاص علی محمود کے مابین ہڑتال کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے۔

مذاکرات کے بعد سیکریٹری خوراک وقاص علی محمود کا کہنا تھا کہ فلور ملز سے کہا ہے کہ وہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 805 روپے میں فروخت کریں لیکن ملز مالکان نے آٹے کہ قیمت کم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین عبدالروف مختار کا کہنا ہے کہ اس وقت گندم کی قیمت 1600 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، اس حساب سے آٹا 805 روپے میں فروخت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فلور ملز کی گندم کی صوبے بھر میں نقل و حمل پر عائد پابندی ختم کرے اور انتظامیہ مل مالکان کو ہراساں کرنے اور چھاپوں کا سلسلہ بند کرے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے پنجاب میں ملوں پر چھاپے بند کرنے کے ساتھ بلوچستان کے نصیر آباد ڈویژن میں گندم کی آزادانہ خرید اور اس کی نقل وحمل پر پابندی ختم کی جائے، ملز پر چھاپے بند ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

اطلاعات کے مطابق پنجاب بھر میں فلور ملز نے گندم کی پسائی اور مارکیٹ کو آٹا سپلائی بند کر دی ہے تاہم ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور کورونا وبا کی وجہ سے آٹے کی ڈیمانڈ کم ہونے کے سبب آٹے کی قلت کوئی خدشہ نہیں، مارکیٹ میں تین سے  چار دن کا آٹا موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔