پی ایس ایل کے تنازعات حل کرنے کی کوشش تیز

سلیم خالق  جمعـء 22 مئ 2020
بورڈ ملکی کرکٹ کی براڈ کاسٹ ڈیل سے قبل سب کلیئرکرنے کا خواہاں
۔ فوٹو: فائل

بورڈ ملکی کرکٹ کی براڈ کاسٹ ڈیل سے قبل سب کلیئرکرنے کا خواہاں ۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی نے پی ایس ایل کے تنازعات حل کرنے کی کوشش تیز کردی، میڈیا پارٹنر سے معاملات طے کرنے کیلیے سابق سی او او سبحان احمد نے میدان سنبھال لیا،بورڈ ملکی کرکٹ کی نئی براڈ کاسٹ ڈیل سے قبل سب کچھ کلیئر کرنا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سے قبل میڈیا پارٹنر اورکرکٹ بورڈ میں سنگین نوعیت کے اختلافات ہو گئے تھے، ایک موقع پر تو معاملہ پوائنٹ آف نوریٹرن پر پہنچتا دکھائی دیا تھا، بورڈ نے فرنچائز مالکان کے ہنگامی اجلاس میں  اگلے پلان پر تبادلہ خیال بھی کیا مگر پھر مسئلہ وقتی طور پر حل ہو گیا، دونوں فریقین میں کئی میٹنگز کے باوجود بعض اختلافات موجود ہیں، انھیں  طے کرنے کیلیے باہمی رضامندی سے پی سی بی کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی خدمات حاصل کر لی گئیں،وہ گذشتہ برس نومبر میں عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

سبحان فائلز کا جائزہ لینے اور  ملاقاتوں میں مصروف ہیں، اس کے بعد رپورٹ بنا کر اہم مسائل کی نشاندہی اور حل تجویز کریں گے، بورڈ کو آئندہ چند ماہ میں ملکی کرکٹ کی نئی نشریاتی ڈیل کرنا ہے، حکام کی خواہش ہے کہ اس سے پہلے ہی پی ایس ایل کے میڈیا پارٹنر سے تنازعات بھی حل ہو جائیں، کورونا وائرس کی وجہ سے مارکیٹ ڈاؤن ہے، پاکستان کی آئندہ تین سال میں بھی بھارت سے کوئی سیریز نہیں ہونی، اس سے بھی ویلیو پر فرق پڑے گا، سری لنکا کرکٹ بورڈ6بار ٹینڈر جاری کر کے پارٹیز کی عدم دلچسپی اور کمتر آفرز کی وجہ سے انھیں ملتوی کر چکا ہے۔

بنگلہ دیش کو بھی اس حوالے سے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں پاکستان کو اندازہ ہے کہ کم امیدوار میدان میں ہوں گے اور سابقہ ڈیل کی آدھی رقم ملنا بھی ممکن نہیں۔ میڈیا رائٹس کی کنسلٹنسی کیلیے اشتہار میں آخری تاریخ15 مئی تھی تاہم بورڈ ترجمان کے مطابق اب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، اس حوالے سے ایک آسٹریلوی کمپنی اور آئی سی سی آفیشل کے نام پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔