چینی اسکینڈل؛ عمران خان کو بچانے کےلئے شہبازشریف کا نام ڈالا گیا،ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2020
عمران کو کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟ مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

عمران کو کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟ مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چینی اسکینڈل میں عمران خان کو بچانے کے لئے شہبازشریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی۔

چینی اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی رپورٹ پر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کمیشن بنانا اور رپورٹ شائع کرنا عمران خان کو بچانے کا ایک سرکس اور نوٹنکی ہے، اصل چینی چور عمران خان کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے ان کا جرم ثابت ہو گیا۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چینی کی سبسڈی، برآمد اورقیمت بڑھانے کی اجازت دی پھر انہیں کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟ عمران خان اور عثمان بزدار کو چینی چوری کے فیصلوں کی منظوری دینے کی میٹنگ کیسے یاد نہیں ؟، چینی چوری کے فیصلوں کی منظوری عمران اور بزدارنے دی اور کرپشن شریف خاندان کی ملوں نے کر لی ؟اگر نواز شریف بطور وزیراعظم قانون کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں تو چینی چور عمران صاحب کیوں نہیں ؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے مقدمات میں نیب کے عقوبت خانے میں رہ سکتے ہیں تو عمران خان اور عثمان بزدار کو جرم ثابت ہونے پہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟ خسرو بختیار کے بھائی سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی کیونکہ اُن کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں تو عمران خان بتائیں کہ مریم نواز ، حسن ، حسین ، سلمان شہباز اور یوسف عباس کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا ؟ شریف خاندان پر جھوٹے مقدمات کیوں بنائے؟ روزانہ بنیاد پر ان کا میڈیا ٹرائیل کیوں کیا گیا ؟ مریم نواز شریف کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا کہ اُنہیں دو مرتبہ سزائے موت کی چکی اور نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا؟

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ خسرو بختیار کی پنجاب کی کسی بھی شوگر مل کو تحقیقاتی کمیشن میں شامل کیوں نہیں کیا گیا ؟ خسرو بختیار کا ان کے بھائی کے کاروبار سے تعلق نہیں تو پھر شہباز شریف کا ان کے بچوں کے کاروبار سے تعلق کیسے بنتا ہے ؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شریف خاندان کی شوگر مِل قانون کے مطابق کام کرتی ہیں، ایف بی آر ہر سال سرٹیفائے کرتا ہے تو کرپشن کیسے ہو گئی ؟ شریف خاندان کی کسی مِل نے ایک دھیلے کی چینی برآمد نہیں کی ؟ چینی برآمد کا ثبوت لائیں، نواز شریف کی رمضان شگر مل بند پڑی ہے ؟ کرپشن کہاں سے ہو گئی ؟ پہلی رپورٹ میں شریف خاندان کی مِل کا نام موجود نہیں تھا، عمران خان کو بچانے کے لئے شہبازشریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔