عالمِ اسلام سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے

ویب ڈیسک  اتوار 24 مئ 2020
آج دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ساتھ عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ (فوٹو: فائل)

آج دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ساتھ عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: کئی سال بعد نہ صرف عالمِ اسلام بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں آج ایک ہی روز عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں سعودی عرب، قطر، مصر، متحدہ عرب امارات، کویت و دیگر عرب ممالک، شام، لبنان، ایران، انڈونیشیا، جاپان، فلپائن اور ترکی کے علاوہ برطانیہ، امریکا اور آسٹریلیا میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

ہندوستان میں عید کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے وہاں کل یعنی 25 مئی کے روز عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ صومالیہ، سینگال، مالی، گیمبیا، ماریطانیہ اور کینیڈا میں گزشتہ روز 23 مئی کو عیدالفطر منائی گئی۔

واضح رہے کہ رویتِ ہلال کے حوالے سے معروف و معتبر ویب سائٹ ’’مون سائٹنگ‘‘ کے مطابق، اس سال 23 مئی کی شام شمالی امریکا سے لے کر وسطی امریکا تک عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات تھے جبکہ دیگر ممالک میں رویتِ ہلال کا امکان قدرے کم ظاہر کیا گیا تھا جو مطلع صاف ہونے سے مشروط تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔