ملک میں کورونا کے وار جاری، 3938 نئے کیس سامنے آگئے اور 78 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 2 جون 2020
کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 76 ہزار 398 تک جاپہنچی، 27 ہزار 110 مریض صحت یاب

کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 76 ہزار 398 تک جاپہنچی، 27 ہزار 110 مریض صحت یاب

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے 3938 نئے کیس سامنے آگئے اور 78 افراد کا اس بیماری سے انتقال ہوگیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 548 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 77 ہزار 94 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 ہزار 938 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 76 ہزار 398 تک جا پہنچی جن میں سے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے پنجاب میں 27 ہزار 850 ، سندھ میں 29 ہزار 647، خیبرپختون خوا میں 10 ہزار485، بلوچستان میں 4 ہزار 515، اسلام آباد میں 2 ہزار 893، گلگت بلتستان 738 اور آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 271 ہوگئی۔

سرکاری اعداد شمار کے مطابق ایک روز میں کورونا سے مزید 78 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 621 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 497 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 481، خیبر پختونخوا میں 473، اسلام آباد میں 28، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 47 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔