شیخ رشید، مریم اورنگزیب اور شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

ویب ڈیسک  پير 8 جون 2020
وزیر ریلوے شیخ رشید اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔ فوٹو : فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک کے مشہور و معروف سیاست دان جان لیوا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنماء مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب میں کورونا کی تشخیص ہوگئی، انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا۔

اس سے بقل مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں،  کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

ادھر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت بھی آگیا ہے اور وہ آئسولیشن (تنہائی) میں چلے گئے ہیں۔  شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی جب کہ 2 ہزار 67 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔