بلوچستان فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ایک لاش ملی

گڑنگ سے98 مشتبہ افراد گرفتار، بروری میں فائرنگ کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد 11 ہوگئی۔


Numainda Express September 06, 2012
گڑنگ سے98 مشتبہ افراد گرفتار، بروری میں فائرنگ کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد 11 ہوگئی۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ اور اندرون بلوچستان فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

بروری میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص ہسپتال میں جاں بحق ہوگیا، واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد گیارہ ہوگئی۔ خضدار سے نمائندے کے مطابق عمر فاروق چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی تاجر عبدالغفار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، کوئٹہ انڈسٹریل ایریا سے پولیس کو نامعلوم شخص کی نعش ملی ہے جسے شناخت کیلیے سول اسپتال میں رکھوا دیاگیا، اے پی پی کے مطابق پسنی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیا۔

گذشتہ دنوں ہزار گنجی کے واقعہ کے بعد بروری میں مشتعل افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا لیاقت علی سی ایم ایچ میں جاں بحق ہوگیا جس کی نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ فرنٹیئرکور پشین اسکائوٹ کی ہدایت پر گڑنگ چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ 98 مشکوک ازبک تاجک اور ہزارہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ جبکہ ٹارگٹ کلنگ کی بڑھی وارداتوں کے پیش نظر اہم شخصیات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔