مل کر جینے کا ہنر

آفتاب احمد خانزادہ  اتوار 8 دسمبر 2013

جان ہوم نے نوبیل انعام لیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ امن کے سلسلے میں کام کرنے کے دوران یورپ کے تجربات نے میرا دل بڑھایا ہے ۔ میں ہمیشہ اس قصے کو بیان کرتا ہوں اس لیے کہ یہ اس قدر سادہ ہے مگر اتنا گہرا کہ دنیا کے کسی بھی علاقے کے تنازعے پر اس کا اطلاق ہوسکتاہے۔ 1979 میں یورپ کی پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے اسٹراسبرگ میرا جانا ہوا تھا، میں نے اسٹراسبر گ اور Khel کے درمیان کا پل پیدل چل کر عبور کیاتھا۔ اسٹراسبر گ فرانس میں ہے Khel جرمنی میں واقع ہے دونوں شہر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں ۔ میں چلتے چلتے پل کے بیچوں بیچ رک کر تھوڑی دیر کو رک کر سو چ میں پڑ گیا ادھر جرمنی ہے اور ادھر فرانس ۔ آج سے تیس برس قبل دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے بعد اگر میں اس جگہ کھڑا ہوتا جب صدی میں دوسری بار پچیس ملین افراد لقمہ اجل ہوچکے تھے اورکہتا کہ فکر نہ کرو۔ تیس سال بعد ہم سب ایک متحد یورپ کا حصہ ہونگے۔ ہمارے تنازعات حل اور جنگیں ختم ہوچکی ہوں گی اور ہم ایک دوسرے کے مفاد کے لیے کام کررہے ہوں گے  تو مجھے کسی ذہنی امراض کے ڈاکٹر کے پاس بھیج دیاگیا ہوتا۔ مگر آج یہ سب کچھ ہوچکا ہے اور صاف ظاہر ہے کہ دنیا بھر میں یورپی پارلیمنٹ تنازعات کے حل کیے جانے کا سب سے بہترین نمونہ ہے اور ہر ایک کا فرض ہے بالخصو ص ان لوگوں کا جو تنازعات کے علاقوں میں رہتے ہیں کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ یہ سب کس طرح ہوگیا اور اس کے اصولوں کو اپنے علاقوں کے تنازعات کے حل میں استعمال کریں۔

سارا تنازعہ ہی اختلاف کا ہے فرق نسل کا ہے مذہب کا یا قومیت کا ہے یورپ کے سرخیلو ں نے فیصلہ کیا کہ فرق میں کوئی خطرہ نہیں ہوتا فرق فطری ہوتا ہے فرق دراصل انسانیت کا نچوڑ ہے فرق ایک پیدائشی حادثہ ہوتا ہے اور اس کو کبھی نفرت یا تنازعے کا سبب نہیں ہونا چاہیے ۔ فرق کا جواب یہ ہے کہ اس کا احترام کیاجائے اور اس میں امن کا بنیادی اصول مضمر ہے کہ فریق کی بوقلمونی کا احترام کیاجائے تو یورپ کے لوگوں نے ادارے تشکیل دئیے جنھوں نے فرق کا احترام کیا۔ وزیروں کی کونسل ، یورپی کمیشن اور یورپی پارلیمان وغیرہ مگر ان سب کو باہمی معاشی فوائد کے لیے مل کر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انھوں نے خون نہیں اپنا پسینہ بہایا ہے اور اس عمل میں انھوں نے بداعتمادی کی ساری رکاوٹیں مسمارکردی ہیں اور ایک نیا یورپ وجودمیں آیا ہے جو فرق کے احترام کے اقرار کی بنیاد پر روزافزوں ترقی کر رہا ہے ۔بس یہ ہی کچھ ہم شمالی آئرلینڈ میں کرنے پر آمادہ ہیں۔ ہمارا معاہدہ عوام نے جس کی بھرپور حمایت کی تھی تفاوت کا احترام کرنے والے اداروں کی تشکیل کرتا ہے مگر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم مل جل کر اپنے باہمی مفاد کے لیے کام کریں گے اور ہم نے اپنے مشترک مفاد میں مل جل کر کام کرنے کی ابتداء کردی تب ہی زخموں کے بھرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ تب ہی ہم نے ماضی کی بے اعتمادیوں اور تعصب کو جڑوں سے اکھیڑ کر پھینک دیا ہے اور معاہد ے اورتفاوت کے احترام کی بنیاد پر ہمارا نیا معاشرہ وجود میں آئے گا ۔دنیا میں ہر جگہ تبدیلی رونما ہو رہی ہے اور یہ اثر چیزوں کی جڑوں اور بنیادوں تک نظر آ رہا ہے۔

مغلیہ سلطنت کے بانی بادشاہ بابر نے اپنے بیٹے کے نام وصیت میں لکھا ’’اس ملک میں بہت سے مذہب اور فرقوں کے لوگ رہتے ہیں اس قضیے میں مت الجھنا کیونکہ عقیدوں کے اختلاف کو بدلتے ہوئے موسم کی طرح سمجھنا، موسم کے ساتھ جھگڑا نہیں کیاجاتا۔ برسات کی زحمت اور جاڑے کی شدت کے ساتھ جھگڑا نہیں کرتے، موسم آتا ہے اس کو قبول کرتے ہیں اور وہ گذر جاتا ہے ‘‘جب تک انسان سوچتا رہے گا گروہ بنتے رہیں گے لوگ سوچیں گے تو اختلاف کرتے رہیں گے اسی سے زندگی رہتی ہے، فرقوں کو ختم کرنے کے بجائے ان کے ساتھ جینا سیکھنا چاہیے، قوم کے اندر خارج کرنے کا عمل قوم کو کمزور کردیتا ہے اختلاف اور فرق کے ساتھ جینا اصل بہادری ہے ۔ پاکستان کے اہل دانش بہت کم اس بات پر رائے زنی کرتے ہیں کہ معاشرے کی ترقی اور خو شحالی کے لیے برداشت ایک انتہائی اہم عنصر ہے۔ دنیا میں کوئی بھی دو انسان ایک جیسے خیالات کے نہیں ہوسکتے کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی معاملے پر ان کی رائے جدا ہوسکتی ہے۔ بھائی بھائی کے خیالات مختلف ہوتے ہیں باپ ، بیٹے کے خیالات مختلف ہوتے ہیں برادری اور فرقوں کے اندر مختلف لوگوں کے خیالات مختلف ہوتے ہیں اسی طرح مختلف علاقوں میں مختلف مذاہب ، مختلف عقائد اور مختلف نظریات کے لوگ رہتے ہیں ۔

سماجیات پر تحقیق کرنے والے اس بات پر پوری طرح متفق ہیں کہ معاشروں کی ترقی میں ایک دوسرے کے خیالات ، عقائد اور نظریات کا احترام معاشرے کو مثبت انداز میں آگے بڑھا تا ہے دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میں مختلف مذاہب اور مختلف نظریات ، مختلف نسلوں ، مختلف رنگوں ، مختلف زبانوں کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں لیکن وہاں نہ توکوئی نسلی فساد ہوتا ہے اور نہ ہی ایک دوسرے پر حملے ہوتے ہیں بلکہ وہ تمام اپنے خیالات اورفرق کو آپس میں بیٹھ کر ایک مثبت بحث کے ذریعے طے کرتے ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت بانی پاکستان قائداعظم کا جو تصورتھا وہ ایک ایسے پاکستان کا تھا جس میں تمام مذاہب کے لوگ تمام صوبوں کے لوگ تمام قومیتوں کے لوگ تمام فرقوں کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے رہیں گے اور ہر شخص کو اپنے نظریات اور عقیدے  پر قائم رہنے کی مکمل آزادی ہوگی لیکن افسوس کم نظرگروہوں نے پاکستان کو ملائیت کی ریاست بنانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں مختلف مذاہب اور مختلف عقیدوں کے درمیان فسادات ہوئے اور نفرتوں کا ایک ایسا طوفان اٹھ کھڑا ہوا جس کی آگ میں پاکستان بری طرح سے جل رہا ہے۔ پاکستان ایک ایسا عجیب و غریب ملک بن گیا ہے جہاں ہر انتہا پسند اپنے نظریے کو صحیح مان کر باقی سب پر جبراً مسلط کر دینا چاہتا ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے بعض دانشور بھی اسی رو میں بہہ رہے ہیں اور یہ اثرات پاکستانی سیاست میں بھی داخل ہوگئے ہیں کوئی بھی ایک گروپ دوسرے گروہ کو برداشت کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہے۔

نفرت انگیز گفتگو ،الزام تراشی، کیچڑ اچھالنا ، مخالفین کو قتل کرنا ایک دوسرے پر حملے کرنا اور کروانا ہمارے معاشرے کا قصہ بنتاجا رہا ہے جو انتہائی خطرناک ہے، کوئی گروہ اکیلا ملک اور معاشرے کو ترقی اور خوشحالی کی جانب نہیں لے جاسکتا ۔مشکلات اور کٹھن صورتحال کا مقابلہ اکیلے نہیں کیاجاسکتا، ملک بغیر تمام لوگوں کی شرکت کے ترقی نہیں کرسکتا ۔ مارکس نے کہاتھا ’’چونکہ انسان اپنے ماحول سے تشکیل پاتا ہے اس لیے اس کے ماحول کو انسانیت پر مبنی ہوناچاہیے ‘‘ وحشت پر مبنی سماج وحشی ہی تخلیق کرتا ہے نفرت ،عدم برداشت نجانے کتنی قوموں کو تباہ و برباد کرچکی ہے اور اب ہم اس کا شکار بنے ہوئے ہیں دنیا میں نئی تاریخ نے جنم لے لیا ہے نئے نظریات ، نئی سو چ اورنئی صبح کا آغاز ہو چکاہے جس کے اجالے میں دنیا روشن ہوچکی ہے ۔ صدیوں پرانے گلے سڑے زخم مندمل ہورہے ہیں لوگ پیار محبت کے ساتھ ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے خوشحالی ، امن کی نئی نئی منزلیں طے کررہے ہیں ۔ تشدد ، بے اعتمادی ، نفرت کا خاتمہ ہوچکا ہے انسان اپنے سب سے بڑے دشمن غربت اور افلاس کو شکست دے چکا ہے جب کہ ہمارے ملک میں جہل کی تاریکی چھائی ہوئی ہے اعتقادات نے عقل انسانی کو بے کار کر رکھا ہے انسانیت کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے انسانیت وحشت اور درندگی کے بوجھ کے نیچے پڑی کراہ رہی ہے ۔ خدارا جاگ جائیے دنیا کی طرح اختلاف اور فرق کے ساتھ ایک ساتھ جینا شروع کر دیجیے ۔ نفرتوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیجیے پھر دیکھیں ہم کس طرح فتح مندہوکر رہیں گے  اور ترقی اور خوشحالی ہمارا نصیب ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔