جنوبی افریقہ بھارت پر ایک اور ضرب لگانے کو تیار

آج شیڈول دوسرے ون ڈے کیلیے دھونی الیون میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع، فلینڈر کی واپسی


Sports Desk December 08, 2013
پہلے ون ڈے میں بھارت کو 141 رنز سے شکست ہوئی تھی۔فوٹو:کرک انفو/فائل

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان دوسرا ون ڈے اتوار کو ڈربن میں کھیلا جائے گا، گرین وکٹ پر ابرآلود کنڈیشنز سے بھارتی سورمائوں کے دل دہل گئے۔

ایک بار پھر پروٹیز فاسٹ اٹیک نامی گرامی مہمان بیٹسمینوں پر ضرب لگانے کو تیار ہے، ورنون فلینڈر کی واپسی متوقع ہے، بھارتی الیون میں بھی اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز کی سیریز میں بھارت کو 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے، ایک اور ناکامی سے وہ سیریز ہار جائے گا، پہلے ون ڈے میں بھارت کو 141 رنز سے شکست ہوئی تھی، اب بھی صورتحال ان کے حق میں کسی صورت موزوں نہیں ہے، وکٹ پر گھاس موجود اور آسمان پر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے، یہ دونوں چیزیں فاسٹ بولرز کیلیے فائدہ مند ہیں اسی وجہ سے بھارتی بیٹنگ لائن کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ پہلے ون ڈے سے قبل کندھے پر چوٹ کھانے والے ورنون فلینڈر اب فٹ ہوچکے اور سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں، یہ بھارت کیلیے ایک اور بری خبر ہے جوکہ پہلے ہی ڈیل اسٹین اور مورن مورکل سے پریشان ہے، فلینڈر کیلیے لونوابو سوٹسوبے یا وین پارنیل میں سے کسی ایک کو جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے۔



دوسری جانب بھارت بھی سوچ وبچار میں مصروف ہے، پہلے میچ میں ناکام رہنے والے یوراج سنگھ کی جگہ اجنکیا راہنے کو میدان میں اتارنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ بھونیشور کمار کی جگہ کیلیے امیش یادیو اور ایشانت دو مضبوط دعویدار دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈربن میں آسمان پر بادل تو چھائے رہیںگے مگر بارش کی امید صرف 20 فیصد ہے، بھارت کبھی بھی ڈربن میں جنوبی افریقہ کو کسی ایک ون ڈے میں بھی زیر نہیں کرپایا ہے اگرچہ یہ جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کا ہوم گرائونڈ ہے مگر ان کا یہاں پر ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے، یہاں پر انھوں نے 4 ون ڈے میچز میں صرف 109 رنز بنائے ہیں۔ اسٹین کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر بھارتی بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں، دوسری جانب بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی کا کہنا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہماری ٹیم کا کوئی کھلاڑی کسی خوف کا شکار ہے۔