کورونا وباء کے باعث سرکاری ادارے مالی بحران کا شکار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 24 جون 2020
واٹر بورڈ بروقت تنخواہیں دینے والا واحد ادارہ بن گیا ۔ فوٹو: فائل

واٹر بورڈ بروقت تنخواہیں دینے والا واحد ادارہ بن گیا ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کوروناوائرس کے باعث کراچی کے سرکاری ادارے مالی بحران کاشکار ہوگئے

ملک بھر کے سرکاری اداروں کی طرح کراچی کے بلدیاتی ادارے بھی کورونا وائرس کی وباکے باعث سنگین مالی بحران میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کے باعث مذکورہ اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین ماہانہ تنخواہوں اورپنشن سے محروم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کفیل اداروں کی ریکوری درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے جس کے باعث ملازمین کوبروقت تنخواہوں کی ادائیگیوں اداروں کے سربراہان کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت سے خصوصی گرانٹ لیکر ملازمین کو بمشکل تنخواہوں کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) کے ملازمین 3ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں، سندھ حکومت نے گزشتہ دنوں کے ڈی اے کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے40 کروڑ روپے کی گرانٹ دی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کے ڈی اے کو ماہانہ20 کروڑ کی گرانٹ دیتی ہے تاہم مالی بحران کے باعث رواں ماہ 40 کروڑ کی گرانٹ دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کو دی گئی اضافی گرانٹ میں سے ماہانہ  3کروڑ روپے کاٹ کر آئندہ ماہ سے گرانٹ جاری کی جائے گیاسی طرح ایم ڈی اے،ایل ڈی اے،کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے ہزاروں ملازمین بھی تنخواہوں سے محروم ہیں، بلدیہ وسطی میں گریڈ ایک سے 16گریڈ تک کے ملازمین کو تنخواہیں اداکردی گئی ہیں جبکہ زائد گریڈ کے افسران تنخواہوں سے محروم ہیں،موجودہ صورتحال میں ادارہ فراہمی ونکاسی آب کراچی شہرکے بلدیاتی اداروں میں واحد ادارہ رہ گیا ہے جس کے ملازمین کو ہرماہ بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ نے بھی سندھ حکومت سے خصوصی گرانٹ لیکر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی ہے تاہم سابقہ واجبات نہ ہونے کے باعث ادارہ مالی بحران پر قابوں پانے میں کچھ حد تک کامیاب ہے، بلدیاتی اداروں کی موجودہ صورتحال پر سندھ حکومت نے ملازمین کو ماہانہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے علاوہ ہر قسم کی ادائیگی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس میں لیوانکیشمنٹ سمیت دیگر ادائیگیاں بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پابندی کے باعث واٹر بورڈ ملازمین کو بھی لیوانکیشمنٹ کی ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے اس سلسلے میں ایم ڈی واٹر بورڈ کی جانب سے سندھ حکومت کو بھیجی گئی درخواست کو مسترد کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین کی مختلف یونینز کے اصرار پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے سندھ حکومت سے ملازمین کو لیو انکیشمنٹ کی ادائیگی کے لیے منظوری طلب کی تھی تاہم دیگر بلدیاتی اداروں کی طرح واٹر بورڈ کو بھی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔