وزارت خزانہ کا ڈالر کی قدر پر بینک گٹھ جوڑ کیخلاف انتباہ

انٹربینک مارکیٹ میںٹریڈنگ کی 3روزسخت مانیٹرنگ ہوگی، اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس


Ehtisham Mufti December 11, 2013
ڈالرکی قدرمیں مزید کمی، انٹربینک ریٹ 107.9 اور اوپن مارکیٹ107.8 روپے پر آ گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وزارت خزانہ نے تجارتی بینکوں کو امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے لیے 3دن کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

یہ الٹی میٹم منگل کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں گورنراسٹیٹ بینک اور تجارتی بینکوں کے سربراہان پر مشتمل اجلاس میں دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ کے مشیررانا اسد امین نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدربہرصورت کم کرنے کی حکمت عملی وضح کرلی ہے تاکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کو مختصرمدت میں کم کیا جاسکے، وزیر خزانہ کے مشیراور گورنراسٹیٹ بینک مشترکہ طور پر 3 روز کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی ٹریڈنگ کی سخت مانیٹرنگ کریں گے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے سلسلے میں عدم تعاون کرنے والے بینکوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیرخزانہ کے مشیر نے ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کو بتایا کہ وفاقی وزارت خزانہ نے وزارت تجارت کے تعاون سے درآمدی پرتعیش اشیا کی فہرست مرتب کی ہے جن کی درآمدات کو 100 فیصد ایل سی مارجن سے مشروط کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔



انہوں نے بتایا کہ انٹربینک کی سطح پرڈالر کی قدر میں کمی نہ ہونے کی صورت میں وزارت خزانہ بینکوں کے خلاف اپنے مانیٹری ٹولز کو استعمال میں لانے سے دریغ نہیں کرے گی کیونکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی سنگین صورتحال میں حکومت کسی بھی طور پر ڈالر کے کاروبار میں بینکوں کی کارٹلائزیشن کو قبول نہیں کرے گی، ان مانیٹری ٹولز میں بینکوں کے ناسٹر اکائونٹ کی حد میں کمی کے علاوہ دیگر سخت اقدامات بھی شامل ہیں۔ ملک بوستان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ڈنڈے کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اگر انٹربینک کی سطح پر ڈالر کی قدر میں بتدریج کمی ہو تو چند روز میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قدر107 روپے سے نیچے آ سکتی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزارت خزانہ کے ممکنہ سخت اقدامات کے خوف کے باعث منگل کوانٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر مزید30 پیسے کی کمی سے107.90 روپے پر آگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر10 پیسے کی کمی سے107.80 روپے ہوگئی۔

مقبول خبریں