غیرملکی میڈیا کے وفد کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

ویب ڈیسک  بدھ 22 جولائی 2020
غیرملکی صحافی چری کوٹ سیکٹر میں فائر بندی معاہدہ کی بھارتی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کریں گے۔ فوٹو : ایکسپریس

غیرملکی صحافی چری کوٹ سیکٹر میں فائر بندی معاہدہ کی بھارتی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کریں گے۔ فوٹو : ایکسپریس

 اسلام آباد: پاکستان کی اجازت کے بعد غیرملکی میڈیا کے وفد نے آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تاہم بھارت نے دورہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا

بھارت نے ایک بار پھر غیرملکی میڈیا کو ایل او سی کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تاہم اس کے برعکس پاکستان نے غیرملکی میڈیا کو ایل او سی کا مکمل دورہ کرنے کی اجازت دیدی ہے، غیرملکی میڈیا کا وفد آج لائن آف کنٹرول کے دورے کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہوا۔

پاکستان کی طرف سے غیرملکی میڈیا اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو ایل او سی سمیت مقامی آبادی تک مکمل رسائی دی جا رہی ہے۔ غیرملکی صحافی چری کوٹ سیکٹر میں فائر بندی معاہدہ کی بھارتی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کریں گے، متاثرہ افراد سے ملیں گے اور نقصانات کا جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب فرانسیسی صحافی پال کومیٹی نے پاکستان سے لائن آف کنٹرول تک آزادانہ رسائی مانگی جس پر انہیں ایل او سی، قبائلی اضلاع، واہگہ سرحد تک آزادانہ رسائی دے دی گئی۔ فرانسیسی صحافی پال کومیٹی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی ویڈیو بنانے پر  10 دسمبر 2017ء کو سری نگر سے گرفتار کیا گیا تھا بعد میں انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکریٹری جنرل یواین انتونیو گوتیرس نے کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں جنگ بندی کی اپیل کی تاہم بھارت نے اپیل پر نہ کان دھرے اور نہ جارحیت سے باز آیا۔ رواں سال بھارتی فورسز کی ایل او سی پر پے درپے اشتعال انگیزیوں میں 14 معصوم شہری شہید اور 135 زخمی ہوئے۔ شہداء میں 5 بچے، 5 خواتین، 4 مرد شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 36 بچے، 44 خواتین اور 55 مرد شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔