پرواز سے پہلے پی آئی اے کے میزبانوں کا الکوحل ٹیسٹ لازمی قرار

ویب ڈیسک  منگل 28 جولائی 2020
کیبن کریو کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل سانس کا معائنہ کروانا ہوگا

کیبن کریو کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل سانس کا معائنہ کروانا ہوگا

پی آئی اے نے پرواز سے پہلے اپنے فضائی میزبانوں کا الکوحل ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کے لئے نئے احکامات جاری کر دیے۔ آئندہ فلائٹ سے پہلے پی آئی اے کے تمام فضائی میزبانوں کے الکوحل ڈوپ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔

اندرون و بیرون ملک تمام پروازوں پر تعینات کیبن کریو کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل سانس کا معائنہ کروانا ہوگا ۔  ٹیسٹ کا مقصد کریومیں الکوحل اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام ہے۔

پی آئی اے میڈیکل ڈویژن کی کیبن کریو کیلئے جاری نئی ایڈوائزری فوری طور پر نافذالعمل ہو گی جس کے تحت پی آئی اے کے فلائٹ سرجنز اور میڈیکل آفیسر  بریفننگ رومز میں خود کیبن کریو کے سانس کا معائنہ کریں گے۔

سول ایویشن اتھارٹی پہلے سے ہی پائلٹس کے ٹیسٹ کررہی ہے اور اب پی آئی اے بھی ہر پرواز سے پہلے اپنے فضائی میزبانوں کے ٹیسٹ لازمی کرے گی۔

عالمی فلائٹ سیفٹی قواعد و ضوابط اور انٹرنیشنل سول ایویشن رولز کے تناظر میں پی آئی اے کی جانب سے یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیے گیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔