ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کی حدود میں غیر قانونی لیز منسوخ کرنے کا حکم

نقشوں کے مطابق تعمیراتی کام کیا جائے،ٹرک اسٹینڈ میں آمدورفت کے لیے 6آہنی گیٹ نصب کیے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ


Staff Reporter December 13, 2013
ٹرک اسٹینڈ میں تجاوزات خصوصا نالوں پر قائم تجاوزات مسئلہ بنی ہوئی ہیں. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اخترفاروقی نے نیو ٹرک اسٹینڈ ماڑی پورکی حدود میں تمام غیر قانونی لیز منسوخ کرتے ہوئے منظور کردہ نقشوں کے مطابق ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، ٹرک اسٹینڈ میں آمدورفت کے لیے 6آہنی گیٹ نصب کیے جائیں گے۔

یہ بات انھوں نے کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کے دوران کہی جس نے صدر خالد خان کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار نائب صدر رانا اسلم، جنرل سیکریٹری شعیب خان ، جوائنٹ سیکریٹری سید نورشاہ، فنانس سیکریٹر ی ثاقب اسلام کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو دیگر افسران بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران نیوٹرک اسٹینڈ ماڑی پورمیں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا گیا اور سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم کو نیو ٹرک اسٹینڈ میں ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کے حوالے سے فوکل پرسن مقررکیاگیا، اس موقع پر کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔



انھوں نے بتایاکہ ٹرک اسٹینڈ میں تجاوزات خصوصا نالوں پر قائم تجاوزات مسئلہ بنی ہوئی ہیں جبکہ فائربریگیڈ او ردیگر سہولیات بھی مہیا کی جانی چاہئیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہاکہ شہر میں مسائل بہت ہیں تاہم ہمیں باہمی تعاون اور بہتر حکمت عملی سے ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہے اور ان مسائل کو حل کرنا ہے، انھوں نے کہاکہ نجی اور سرکاری اداروں کے مابین عمدہ ورکنگ ریلیشن شپ کے ذریعے ہر مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے،اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے این او سی کے اجرا کے بعد ٹرک اسٹینڈ میں اسپتال کی تعمیر شروع ہوگئی ہے اور ایسوسی ایشن مقررہ وقت میں اسے مکمل کرے گی اس اقدام پر ٹرانسپورٹر حضرات آپ کے انتہائی مشکور ہیں، سیکیورٹی کے مسائل اور آمد ورفت کے لیے 6گیٹس کی تعمیر ضروری ہے، سیوریج لائنوں کا باقی ماندہ کام جلدکرایا جائے، فراہمی آب کے منصوبے کو مکمل کیا جائے اور نقشے کے مطابق یہاں فائر اسٹیشن تعمیر کیا جائے۔