لاک ڈاؤن میں نرمی،  کراچی کے عوام نے تفریح گاہوں کا رُخ کرلیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 11 اگست 2020
حکومت سندھ نے کورونا وائرس میں کمی آنے کے بعد تفریح گاہیں پر داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ (فوٹو، ایکسپریس)

حکومت سندھ نے کورونا وائرس میں کمی آنے کے بعد تفریح گاہیں پر داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ (فوٹو، ایکسپریس)

 کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے 5 ماہ بعد لاک ڈاون میں نرمی کے فیصلے پر عوام نے مختلف تفریحی گاہوں کا رخ کرلیا۔

لاک ڈاون کے تحت پابندیوں میں غیر معمولی نرمی کرنے کا فیصلے کے بعد ہفتے کے چھ روز ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے سمیت تفریحی مقامات، سنیما گھروں، تھیٹر، ہوٹل، جم، بیوٹی پارلرز اور ریسٹورنٹس پر عائد پابندیاں بھی ختم کردی گئیں ہے۔

حکومت سندھ کے اس فیصلے کے بعد عوام کی بڑی تعداد چڑیا گھر، سی یو، سفاری پارک سمیت مختلف تفریحی مقامات پہنچ گئی تاہم ان تفریحی مقامات پر انتطامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث پرسنل پروٹیکٹو ایکوئمپنٹ (پی پی ای) کے استعمال سمیت سماجی فاصلوں کو بھی یقینی بنایا گیا۔

چڑیا گھر کے منتظمین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے اعلان کے بعد تفریحی مقامات عوام کے لئے کھول دیے گئے ہیں لیکن ایس او پیز کا بھی خاص خیال رکھا جارہا ہے، پارکس میں ہر تھوڑی دیر بعد اعلان کیا جاتا ہے کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں۔ پارکس میں بغیر ماسک کے اندر داخل ہونے کی اجازات نہیں ہے اور کسی بھی مقام پر مجمع کی صورت میں بیٹھنے پر پابندی عائد ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا اب بھی انتہائی ضروری ہے، کسی بھی قسم کی بے احتیاطی خطرے کا سبب بن سکتی ہے، عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔

ساحل سمندر  سی ویو پر لطف انداز ہوتے شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ مہینوں سے گھر میں بیٹھے بیٹھے تنگ آگئے تھے، بچوں کے اسکول بند ہیں جسکی وجہ سے بچوں کی شرارتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ عوام ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہوگئے تھے۔  ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں کمی آنا خوش آئند ہے اور حکومت سندھ کا تفریحی مقامات ایس او پیز کے تحت کھول دینا مثبت اقدام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔