موساد کی خاتون رکن فرقہ وارانہ مواد پھیلا رہی ہے، نور الحق قادری

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 12 اگست 2020
یہ خاتون فرقہ وارانہ موادسوشل میڈیا پربھیج دیتی ہے اورپھر آگے شیعہ اور سنی خود سے اسے پھیلاتے ہیں،وفاقی وزیرمذہبی امور۔ فوٹو : فائل

یہ خاتون فرقہ وارانہ موادسوشل میڈیا پربھیج دیتی ہے اورپھر آگے شیعہ اور سنی خود سے اسے پھیلاتے ہیں،وفاقی وزیرمذہبی امور۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اسرائیل میں موساد کی ایک خاتون جعلی اکاؤنٹ سے فرقہ وارانہ مواد پھیلا رہی ہے۔

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ کچھ عرصے سے مقدس ہستیوں کے بارے میں توہین آمیز گفتگو ہورہی ہے، یہ سب کچھ پوری منصوبہ بندی سے ہورہا ہے۔ چار عشروں سے پاکستان کو لسانی، مذہبی، مسلکی، علاقائی بنیادوں پر عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ناکام ہو چکی، اب آخری کوشش شیعہ سنی بریلوی دیوبندی سلفی کے درمیان فسادات پھیلانے کی سازش ہورہی ہے، اسرائیل میں موساد کی ایک خاتون جعلی اکاؤنٹ سے فرقہ وارانہ مواد پھیلا رہی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام مسالک کے مابین باہمی روابط کے عنوان سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں بیٹھی یہ خاتون عائشہ کا نام استعمال کررہی ہے جو بہت اچھی عربی بولتی ہے، یہ خاتون فرقہ وارانہ مواد سوشل میڈیا پر بھیج دیتی ہے اور پھر آگے شیعہ اور سنی خود سے اسے پھیلاتے ہیں، اس کنونشن کا مقصد اس سازش کے ہاتھوں علما اور عوام الناس کو استعمال ہونے سے بچانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔