آرمی چیف سعودی عرب کا دورہ کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

رائٹرز  جمعرات 13 اگست 2020
دورے میں بنیادی طور پر فوجی امور پر بات چیت کی جائے گی، میجر جنرل بابر افتخار

دورے میں بنیادی طور پر فوجی امور پر بات چیت کی جائے گی، میجر جنرل بابر افتخار

 اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ 16 اگست کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں کشمیر اور معاشی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ ہے جس میں بنیادی طور پر فوجی امور پر بات چیت کی جائے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تین روز قبل سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی جس میں خطے کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ معاشی و دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اختلافات پر سعودیہ کو1 ارب ڈالر واپس کیے گئے

گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر او آئی سی نے کشمیر پر اجلاس نہ بلایا تو میں وزیراعظم عمران خان سے کہوں گا کہ پاکستان ایسے ممالک کا اجلاس خود بلائے جو کشمیر پر پاکستان کے ساتھ ہیں اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کی حمایت کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستان کو دیے گئے قرض میں سے ایک ارب ڈالر بھی واپس لے لیے ہیں۔ یہ رقم چین سے ایک ارب ڈالر قرض لے کر واپس کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔