کراچی سمیت سندھ بھر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک  جمعرات 13 اگست 2020
جمعے کی شام یا رات سے اتوار کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔فوٹو:فائل

جمعے کی شام یا رات سے اتوار کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔فوٹو:فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر بادل برسنے کو تیار ہیں اور محکمہ موسمیات کی جمعے سے اتوار کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی شام سے اتوار کے دوران مزید مون سون کی ہوائیں سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، اور جمعے کی شام یا رات سے اتوار کے دوران کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹہ اور بدین میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ اور مٹھی میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔