کراچی ایکسپوسینٹر میں دوسری انڈیا ایکسپوشروع

دہلی واسلام آبادبھی مارکیٹ رسائی کیلیے معاہدے کریں،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر


Business Reporter December 14, 2013
کراچی: ایکسپوسینٹرمیں دوسری انڈیا ایکسپومیں لگے ایک اسٹال پر خاتون جیولری پسند کر رہی ہیں ۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال بانگلے نے کہا ہے کہ خطے میں جغرافیائی محل وقوقع کے اعتبار سے پاکستان کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔

جمعہ کو کراچی ایکسپوسینٹر میں فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ کے تحت دوسری انڈیا ایکسپوکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب پاکستان اور بھارت کے تاجروصنعتکار باہمی تجارت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہیں تو اس معاملے میں دونوں ممالک کی حکومتوں کو اپنی مداخلت کم رکھنی چاہیے، گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان 3 معاہدے ہوئے تھے لیکن اب مزید معاہدے کرنے کی بھی ضرورت ہے۔گوپال بانگلے نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جی ایس پی کا درجہ حاصل ہونے کے بعد پاکستان کی بیرونی تجارت کا حجم مزید بڑھے گا جو بھارت کے لیے بھی خوش آئند امر ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی ایک دوسرے کی مارکیٹوں میں مصنوعات کی رسائی کی سہولتوں پر مشتمل مزید معاہدے طے پائیں۔



تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ویزوں کے معاہدے کے بعد اب تاجروں کو1سال کے لیے10 شہروں کا ملٹی پل انٹری ویزا ملے گا۔ قبل ازیں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہا کہ اب دونوں ممالک کے تاجروں کو باہمی تجارت کے فروغ کے لیے خول سے باہر آنا ہوگا ، عوام اور تاجروں کو باہمی تجارتی تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

زبیر موتی والا نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دے تاکہ دوطرفہ تجارت میں تیزی آسکے۔انہوں نے تجویز دی کہ پاک بھارت جوائنٹ چیمبر کا قیام عمل میں لایا جائے اور دونوں ممالک کو آپس میں اپنی کرنسی میں تجارت کرنی چاہیے۔ عبداللہ ذکی نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس آئندہ سال بھارت میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کی کوشش کرے گا۔ تقریب سے چندرناتھ سوم اور بھارتی تاجروں کے وفد کے قائد عبدالعزیز حاجی نے بھی خطاب کیا، واضح رہے کہ انڈیا ایکسپو15 دسمبرتک جاری رہے گی اورنمائش میں بھارت کے معروف برانڈزکی حامل کمپنیوں نے اسٹالز لگائے ہیں جن میں جیولری، ٹیکسٹائل، ہربل، فیبرک، ٹولز اور اشیائے خوردونوش کی نمائش کی جارہی ہے۔