ویزے کے اجرا میں تاخیر 30 بھارتی کمپنیاں کراچی نہ پہنچ سکیں

بیشترفرمزکے نمائندوں کوآخری وقت میں5روزکاویزاملا،کراچی چیمبر نے بڑھوایا، بھارتی آفیشلز


Business Reporter/Kashif Hussain December 14, 2013
بیشترفرمزکے نمائندوں کوآخری وقت میں 5 روز کا ویزا ملا،کراچی چیمبر نے بڑھوایا، بھارتی آفیشلز. فوٹو: فائل

نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ویزے کے اجرا میں تاخیر کے سبب 30سے زائد بھارتی کمپنیاں کراچی نہیں پہنچ سکیں ۔

نمائش منعقد کرنے والے بھارتی ادارے فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن کے آفیشلز کا کہنا ہے کہ دشواریوں کے باوجود دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے لیے پرامید ہیں۔ بھارتی آفیشلز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی بھارت سے بہترتعلقات کی پالیسی کے باعث بھارتی کمپنیوں کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا تاہم ویزا کے حصول میں دشواری کے سبب کمپنیوں کی بڑی تعداد شرکت نہ کرسکی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں پاکستانی سفارتخانے نے نمائش سے 45روز قبل درخواستیں طلب کی تھیں، کراچی میں ہونے والی نمائش میں شرکت کے لیے 60بھارتی کمپنیوں نے ویزے کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں جنہیں نمائش سے 3روز قبل ویزے جاری کیے گئے، ویزے کے لیے دی جانے والی دوسری فہرست میں شامل تمام کمپنیوں کی درخواستیں مسترد کردی گئیں، بیشتر کمپنیوں کے نمائندوں کو صرف کراچی کے لیے 5روز کا ویزا 10دسمبر کی شام کو جاری کیا گیا، جس کی مدت نمائش کے اختتامی روز 15دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔

اس طرح نمائش میں شریک کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ بھارتی آفیشلز کے لیے بھی 5 روز کا ہی ویزا جاری کیا گیا جس سے نمائش کے انتظام کے لیے آنے والے آفیشلز کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔



انہوں نے بتایا کہ ویزے کے بارے میں غیریقینی صورتحال کے سبب 30سے زائد کمپنیاں شرکت کی تیاری نہ کر سکیں، اس دوران پاکستان کے لیے فضائی ٹکٹ بک کرانے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ہنگامی بنیادوں پر 11دسمبر کے لیے من مانے کرایوں پر سیٹ بک کرائی گئی، بیشتر مندوبین سری لنکا اور دبئی کے راستے 6 سے 10گھنٹے اسٹاپ اوور کرتے ہوئے کراچی پہنچے، البتہ بھارتی پنجاب کے چند تاجروں کو 3 شہروں کے لیے 7روز کے ویزے جاری کیے گئے۔

بھارتی آفیشلز کے مطابق بھارتی جیم اینڈ جیولری کمپنیوں کی بڑی تعداد نے بھی نمائش میں شرکت کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم بھارتی جیولری پاکستان لانے کے لیے اجازت نامے کے حصول میں دشواریوں کے سبب ان کمپنیوں نے بھی شرکت نہیں کی۔ ایک سوال پر بھارتی آفیشلز کا کہنا تھا کہ نمائش کو ناکام قرار نہیں دیا جاسکتا، نمائش کے ذریعے کسی حد تک کاروباری رابطے ہوئے ہیں جن کے تحت کاروباری ڈیل بھی طے پائی ہیں تاہم نمائش کے لیے مقرر کردہ اہداف ویزا کی تاخیر کے سبب حاصل نہیں ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ 13 دسمبر کی شام کراچی چیمبرآف کامرس کی کوششوں سے ویزے کی مدت میں توسیع ہوگئی اور اب بھارتی تاجر وآفیشلز 7 روز تک قیام کرسکیں گے۔

مقبول خبریں