متحدہ عرب امارات کے بعد دیگر عرب ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، مائیک پومپیو

ویب ڈیسک  پير 24 اگست 2020
امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی، فوٹو : اے ایف پی

امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی، فوٹو : اے ایف پی

تل ابيب: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعد دیگر عرب ممالک کے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے قوی امکانات ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچے ہیں جہاں انہوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو سے خصوصی ملاقات کی اور متحدہ عرب امارات کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امن معاہدے پر اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب دیگر ممالک کو بھی اسرائیل کو تسلیم کرلینا چاہیئے اور اس کے قوی امکانات بھی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم ہوگا اور مشترکہ طور پر خطے میں تعمیر و ترقی کے نئے مواقع اور امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات بحال کیا تھا اور ایسا ظاہر کیا جا رہا تھا کہ دیگر عرب ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے تاہم سعودی عرب نے ایسے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ خود مختار فلسطین کے قیام سے قبل اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔