عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے ، احسن اقبال

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
عمران خان کی نفرت  قومی اداروں کی طرف بھی جا رہی ہے ،احسن اقبال فوٹو: فائل

عمران خان کی نفرت قومی اداروں کی طرف بھی جا رہی ہے ،احسن اقبال فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہم عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو پاکستان بنانے کی سزا مل رہی ہے ، ہمارے خلاف ملکی ترقی کرنے کے خلاف ریفرنس بنانے گئے، ایک سال ہو گیا لیکن نیب ریفرنس میرے خلاف دائر نہیں کر سکا ،حیلے بہانے کر کے نیب ہر بار نئی تاریخ لے لیتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ شراب کا پرمٹ دینا ٹھیک اور کھیلوں کی سہولت بنانا کرپشن ہے، جو وزیراعظم خود کو ورلڈ کپ جیتنے والا کپتان کہتا ہے اس نے کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانے کو کرپشن قرار دیا ،اگر یہ جرم ہے تو میں یہ جرم بار بار کروں گا۔ عمران نیازی کی حکومت کرپشن کا تحفظ کررہی ہے، حکومتی وزیر بڑے بڑے ٹھیکے لے رہے ہیں، وزیر مواصلات بتائے کہ ڈیڑھ سال قبل بنائی گئی جے آئی ٹی کہاں گئی ؟۔ جس طرح کنونشن لیگ اور ق لیگ کا تجربہ ناکام ہوا پی ٹی آئی کا تجربہ بھی ناکام ہوگا۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہی ، پاک فوج کسی ایک جماعت کی نہیں پورے پاکستان کی پراپرٹی ہے ، حکومت بار بار بیانات دیتی ہے کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں ، عمران خان کی نفرت قومی اداروں کی طرف بھی جا رہی ہے، عسکری قیادت کو ان معاملات کا نوٹس لینا چاہیے، ہمیں یقین ہے فوج اور عسکری اداروں کا حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کو شکست نہیں دی، اپوزیشن نے حکومت کی اس کوشش کو شکست دی جو نظام بلڈوز کر کے مرضی کے قوانین نافذ کرنا چاہتی تھی، حکومت چاہتی تھی کہ ان قوانین کے ذریعے نیب کا پردادا ان کے ہاتھ آجائے، ہم ایف اے ٹی ایف کے نام پر ایک فاشسٹ ریاست نہیں بننے دیں گے، ہم عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔