غیر قانونی ہائیڈرینٹس چلانے کا الزام واٹر بورڈ کے2اعلیٰ افسر نجم عالم اور راشد صدیقی عہدے سے فارغ

وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پرکارروائی کی گئی ،واٹر بورڈ میں مزید افسران کے تبادلوں کا بھی امکان


Staff Reporter December 15, 2013
وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پرکارروائی کی گئی ،واٹر بورڈ میں مزید افسران کے تبادلوں کا بھی امکان۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر واٹر بورڈ کراچی کے ہائیڈرنٹس انچارج راشد صدیقی اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز نجم عالم کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے ۔

واٹر بورڈ کے دیگر افسران کے تبادلوں کا بھی امکان ہے ، ذرائع کے مطابق وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ہائیڈرنٹ انچارج راشد صدیقی کو عہدے سے ہٹا کر انور سعید کو انچارج ہائیڈرنٹس تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز نجم عالم کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کر عمران آصف کو مقرر کیا گیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر بلدیات شرجیل میمن نے گزشتہ روز ہائیڈرنٹس کے دورے کے موقع پر بدانتظامی اور غیرقانونی اقدامات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں مذکورہ افسران کے تبادلوں کے احکام جاری کیے ہیں ، نجم عالم صدیقی پر الزام ہے کہ شہر کے تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس چلانے میں ملوث رہے ہیں اور شہر میں پانی کی شدید قلت کے بھی ذمہ دار ہیں ۔