دوسری پوزیشن پر قبضے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا

عباس رضا  اتوار 30 اگست 2020
سیریز 1-1سے برابر رہنے پررینکنگ میں موجودہ چوتھی پوزیشن برقرار رہے گی۔ فوٹو: فائل

سیریز 1-1سے برابر رہنے پررینکنگ میں موجودہ چوتھی پوزیشن برقرار رہے گی۔ فوٹو: فائل

لاہور: پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کی نذر ہونے پر دوسری پوزیشن پر قبضہ جمانے کا موقع بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز میں فتح کی صورت میں پاکستان 267پوائنٹس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں چوتھی سے دوسری پوزیشن پر فائز ہوسکتا تھا لیکن جمعے کو پہلا مقابلہ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا، اب اگلے دونوں میچز میں کامیابی کی صورت میں 265پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر مل سکتا ہے،یوں انگلینڈ کو 262پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آنا پڑیگا۔

اگر سیریز 1-1سے برابر ہوئی تو گرین شرٹس کو 261پوائنٹس کے ہمراہ موجودہ چوتھے درجے پر اکتفا کرنا ہوگا، انگلینڈ بھی268 پوائنٹس کے ساتھ بدستور دوسرے نمبر پر موجود رہے گا، پاکستان کو دونوں میچز میں شکست ہوئی تو 257 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر جانا ہوگا،انگلینڈ 273 پوائنٹس جوڑ کر سرفہرست آسٹریلیا سے فاصلہ مزید کم کرلے گا۔

اس وقت آسٹریلیا (278)، انگلینڈ (268)، پاکستان (260)، جنوبی افریقہ (258)، نیوزی لینڈ (242)، سری لنکا (230)، بنگلہ دیش(229)، ویسٹ انڈیز (229) اور افغانستان(228) ٹاپ 10میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں جنوری 2018کے بعد 27ماہ نمبر ون پوزیشن پر فائز رہنے والے گرین شرٹس 2019میں مسلسل 4سیریز ہارنے کے بعد رواں سال مئی میں چوتھی پوزیشن پر آگئے تھے، اب سرفرازاسکواڈ کے ساتھ موجود لیکن پلیئنگ الیون سے باہر اور بابر اعظم کپتان ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔