شہباز شریف آج کراچی پہنچیں گے بلاول سے ملاقات متوقع

شہباز شریف اور پیپلزپارٹی قیادت کے مابین سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوگا، پارٹی ذرائع


ویب ڈیسک September 02, 2020
شہبازشریف ایدھی فاؤنڈیشن کے رہنما فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے، پارٹی ذرائع۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات متوقع ہے اور شہباز شریف اور پیپلزپارٹی قیادت سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرے گی۔

شہبازشریف دورہ کراچی کے دوران گلشن اقبال میں اپارٹمنٹ کی دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کریں گے، منظور کالونی میں عمائدین اور پارٹی کارکنان سےملاقات کریں گے (ن) لیگ کے رہنماؤں کے مطابق شہباز شریف نے 2018 کے عام انتخابات میں بلدیہ ٹاون سے بھی حصہ لیا تھا، اس لئے وہ بلدیہ ٹاؤن اور ضلع غربی کا بھی دورہ کریں گے جب کہ وہ لیگی رہنماؤں کےساتھ مشاورتی اجلاس کریں گے۔

اپنے دو روزہ دورے کے دوران شہبازشریف ایدھی فاؤنڈیشن کے رہنما فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے، جب کہ ۔پارٹی رہنماؤں کے مطابق وہ ایک روز کراچی میں قیام کے بعد جمعرات کو واپس لاہور روانہ ہوں گے۔