تیسرا ٹی ٹوئنٹی؛ پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی

 بدھ 2 ستمبر 2020
سیریز برابر،حیدر علی ڈیبیو میں 28 گیندوں پر ففٹی کرنے والے پہلے پاکستانی،محمد حفیظ کے 86 رن، میچ آف دی میچ قرار (فوٹو : انگلش میڈیا)

سیریز برابر،حیدر علی ڈیبیو میں 28 گیندوں پر ففٹی کرنے والے پہلے پاکستانی،محمد حفیظ کے 86 رن، میچ آف دی میچ قرار (فوٹو : انگلش میڈیا)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی جس کے بعد تین میچوں کی سیریز برابر ہوگئی۔

انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستان اور انگلش کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں شروع ہوا جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

محتاط آغاز کے باوجود پاکستان نے پہلی وکٹ دوسرے اوور میں ہی گنوا دی۔ فخرزمان کو معین علی نے بولڈ کردیا۔ حیدر علی نے دوسری ہی گیند پر چھکا جڑ کر خطرناک عزائم ظاہر کردیے۔ بابر اعظم نے ثاقب محمود کو مسلسل 3 چوکے لگائے۔ کپتان نے 21 رنز بنائے تھے کہ ٹام کیوران کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

حیدر علی ڈیبیو میں 28 گیندوں پر ففٹی کرنے والے پہلے پاکستانی

محمد حفیظ کے جوائن کرنے پر حیدر علی نے پْراعتماد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی چوکے لگائے، حفیظ نے عادل رشید کے اوور میں 2 چھکے جڑے۔ حیدر علی کی ففٹی 28 گیندوں پر مکمل ہوئی۔ وہ ڈیبیو پر یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی بنے۔

محمد حفیظ نے ایک بار پھر عادل رشید کی پٹائی کرتے ہوئے 50 کا سنگ میل 31 گیندوں پر عبور کیا۔ حیدر علی 33 گیندوں پر 54 کی اننگز کھیل کر کرس جورڈن کی گیند پر بولڈ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 132 تھا۔ اسی کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 100 رنزکی شراکت ختم ہوئی۔

شاداب خان کے خلاف پہلی ہی گیند پر کرس جورڈن نے ایل بی ڈبلیو کے لیے ریویو لیا جو ضائع ہوگیا۔ محمد حفیظ کو 80 رنز پر ایک موقع ملا، کرس جورڈن کی گیند پر کپتان ایون مورگن نے مشکل کیچ ڈراپ کردیا۔ پیسر نے اسی اوور میں شاداب خان کو آؤٹ کیا۔  کیوران نے مدد کی لیکن اگلی گیند پر انھوں نے عماد وسیم کا کیچ چھوڑ دیا۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 190 کا مجموعہ حاصل کیا، محمد حفیظ 86 اور عماد وسیم 6 پر ناقابل شکست رہے۔ انگلش بالرز میں جارڈن نے دو جبکہ معین علی اور کیورن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 185 رنز پر ہمت ہار گئی اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ انگلش کھلاڑی معین علی چھائے رہے جنہوں ںے 61 رنز اسکور کیے جن میں چار چھکے اور چار چوکے شامل ہیں۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں بینٹن نے 46، ملین نے 7، مورگن نے 10، بلنگس نے 26، گریگوری نے 12 رنز اسکور کیے۔

پاکستان بالنگ سائیڈ میں شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے دو دو جب کہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کھلاڑی محمد حفیظ کو ناقابل شکست 86 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا جب کہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔