سبسڈی کی مد میں ہرسال اربوں کھربوں کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں وزیراعظم

سرکاری خزانے سے امداد مستحقین تک پہنچانا اور اس سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا اولین ترجیح ہے، عمران خان


ویب ڈیسک September 02, 2020
سرکاری خزانے سے امداد مستحقین تک پہنچانا اور اس سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا اولین ترجیح ہے، عمران خان(فوٹو، فائل)

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ہر سال مختلف شعبوں میں سبسڈیز کی مد میں اربوں کھربوں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی سبسڈی کے نظام کو منظم اور موثر بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِ صنعت حماد اظہر، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات عشرت حسین، معاون خصوصی شہباز گل، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیکرٹری خزانہ نوید کامران اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں بالواسطہ اور بلا واسطہ دی جانے والی سبسڈیز، ان سبسڈیز کی مد میں ہونے والے اخراجات پر بریفنگ دی گئی، جب کہ موجودہ سبسڈیز کے نظام میں خرابیوں اور سبسڈی کے نظام کو مزید منظم بنانے کے حوالے سے قائم شدہ تھنک ٹینک کی جانب سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں سبسڈیز کی مد میں حکومت ہر سال اربوں کھربوں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے، حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ سبسڈی کے نظام کو منظم اور مؤثر بنایا جائے، تاکہ سرکاری خزانے سے دی جانے والی امداد نہ صرف مستحقین تک پہنچے بلکہ اس سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کے نظام کے حوالے سے حکومتی ترجیحات نہایت واضح ہیں، ان میں غریب افراد کی معاونت، سماجی و معاشی ترقی، پس ماندہ علاقوں اور طبقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لاناہے، برآمدات، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کو سپورٹ فراہم کرنا، تعمیرات اور زرعی شعبے کا فروغ ہے، سبسڈیز کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے تاکہ اس حوالے سے عوامی مفاد میں فیصلے لیکر ان پر عمل درآمد کیا جا سکے۔