ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 8 ہزار 909 رہ گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 4 ستمبر 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 218 ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی فوٹوفائل

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 218 ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی فوٹوفائل

اسلام آباد: ملک میں عالمی وبا کورونا کے فعال کیسزکی تعداد صرف 8 ہزار 909 رہ گئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 498 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا  کے 498 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں کورونا کیسز کی تعداد2 لاکھ 97 ہزار 512 تک جا پہنچی ہے۔ فعال کیسزکی تعداد 8 ہزار 909 ہے اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 82 ہزار 268 ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا سے مزید 7  اموات ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6335 ہو گئی۔ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 41 ہو گئی، دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 97 ہزار 44 ، کے پی کے میں  36 ہزار 414 ، بلوچستان میں 13045، اسلام آباد میں  15714 ، آزاد جموں و کشمیر 2306 اور گلگت بلتستان میں 2948 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 218 ٹیسٹ کیے گئے،  ملک بھر میں اب تک 27 لاکھ 7 ہزار 470 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے جن میں سے1 ہزار 50 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں اور 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔