ایشز ٹرافی پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

کرس روجرز نے پویلین واپس ہونے سے قبل 54رنز اپنے نام کیے


Sports Desk/AFP December 16, 2013
پرتھ : انگلینڈ کیخلاف جاری ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اسٹروک کھیل رہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں سنچری کی تکمیل پران کا جشن ،انھوں نے 112رنز بنائے. فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ پر ایک اور شکست کے سائے دراز ہونے لگے، تیسرے ایشز ٹیسٹ اور ٹرافی پر بھی آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہوگئی۔

دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 235 رنز بنادیے، 369 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی،7 وکٹیں ابھی ہاتھ میں ہیں، میٹ پرائر کی مہربانی سے ڈیوڈ وارنر نے سیریز کی دوسری سنچری مکمل کی، کرس روجرز نے54 رنز بنائے، اس سے قبل پوری انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 251 رنز پر آئوٹ ہوگئی، ریان ہیرس اور پیٹرسڈل نے3، 3 وکٹیں لیں، مچل جونسن نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشز ٹرافی پر آسٹریلیا کا قبضہ مکمل ہونے کے قریب ہے، ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں فتح کے بعد اب کینگروز نے تیسرے معرکے پر بھی اپنی گرفت انتہائی مضبوط کرلی ہے، انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کے پھر سے دغا دینے کے باعث اس کی پہلی اننگز کا اختتام 251 رنز پر ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 134 رنز کی برتری ملی۔

 photo 1_zpsfc9a8383.jpg

اس نے تیسرے روز کے اختتام تک 3 وکٹ پر مزید 235 رنز بناکر اس برتری کو 369 تک پہنچا دیا ہے، ابھی اس میچ میں پورے دودن کا کھیل باقی ہے ، میٹ پرائر کی ناقص وکٹ کیپنگ کی وجہ سے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے دو مواقع پاکر 112 رنز اسکور کیے، یہ ان کی سیریز میں دوسری سنچری اور مجموعی طور پر انھوں نے اب تک 91.40 کی اوسط سے 457 رنز بنالیے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ کے اب تک کے ٹاپ اسکورر مائیکل کیربیری نے 31.40 کی اوسط سے 157 رنز بنائے ہیں۔ وارنر کو پہلا چانس تب ملا جب وہ 13 رنز پر کھیل رہے تھے، سوان کی گیند ان کے ہاتھ پر زور سے لگ کر پیچھے کی جانب گئی مگر پرائر گیند تھام کر انھیں اسٹمپ نہیں کرپائے۔

دوپہر کے بعد تو ان کی پرفارمنس بدتر ہوگئی جب جیمز اینڈرسن کی گیند پر انھوں نے کرس روجرز کا کیچ تھامنے کی کوشش ہی نہیں کی جوکہ اس وقت 26 رنز پر کھیل رہے تھے، وارنر جب 89 پر پہنچے تو سوان کی ہی گیند پر پرائر نے انھیں اسٹمپ کرنے کا دوسرا موقع بھی ضائع کردیا۔ 157 کے مجموعے پر روجرز 54 رنز بناکر ٹم بریسنن کی بال پر کیربیری کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، وارنر 112 رنز بناکر آخر سوان کا ہی شکار بنے کچے اسٹوکس نے تھاما، مائیکل کلارک (23) کو اسٹوکس نے بولڈ کیا، جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو شین واٹسن 29 اور اسٹیون اسمتھ 5 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم 251 رنز پر آئوٹ ہوئی، ٹم بریسنن نے 21 رنز بنائے، پرائر 8 رنز بنا پائے۔