شاہین آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر رکھنے پر سابق انگلش فاسٹ بولر کا بڑا بیان

انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف نے شاہین آفریدی کو اسکواڈ سے باہر رکھنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا


ویب ڈیسک August 22, 2026

انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف نے پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ سے باہر رکھنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔

ہیڈنگلے ٹیسٹ کے دوران ٹاک اسپورٹ کی کوریج میں گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن گف نے کہا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور پاکستان کے نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے باوجود شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔

ڈیرن گف نے تسلیم کیا کہ شاہین گزشتہ تقریباً 18 ماہ کے دوران مشکلات کا شکار رہے ہیں، تاہم وہ ان کا معیار اب بھی اعلیٰ ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی بولنگ بھی مشکلات سے دوچار رہی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ نے 409 رنز اسکور کرکے 238 رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں پاکستان صرف 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا اور انگلینڈ نے میچ اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 5 جبکہ خرم شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم انگلش بیٹرز کو قابو کرنے میں بولنگ اٹیک ناکام رہا۔

شاہین آفریدی حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل میں انہوں نے ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں 4 میچز میں 13 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر رہے۔