پی ایس ایل؛ عثمان خواجہ جلوہ گر ہونے کیلیے بے تاب

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 6 ستمبر 2020
پاکستانی شائقین کے سامنے کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے،آسٹریلوی کرکٹر۔ فوٹو: فائل

پاکستانی شائقین کے سامنے کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے،آسٹریلوی کرکٹر۔ فوٹو: فائل

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ پی ایس ایل میں جلوہ گر ہونے کیلیے بے تاب ہیں۔

آسٹریلوی ٹاپ آرڈر بیٹسمین عثمان خواجہ  ان دنوں اپنی قومی ٹیم سے باہر ہیں، ایسے میں انھیں اپنی جائے پیدائش پاکستان جانے اور وہاں پرپی ایس ایل میں حصہ لینے کی شدید خواہش ہے، وہ ویسے بھی دنیا بھر میں کھیلی جانے والی لیگز کا حصہ بننا چاہتے ہیں،اس میں پاکستان سپر لیگ بھی شامل ہے۔

ایک انٹرویو میں عثمان خواجہ نے کہاکہ میں نے دنیا کے کئی ٹورنامنٹس میں ابھی تک حصہ نہیں لیا، اگرچہ میں آئی پی ایل اور انگلینڈ میں ٹی 20 کرکٹ کھیل چکا مگر کیریبیئن لیگ یا پی ایس ایل میں ابھی تک حصہ نہیں لیا، ان میں شرکت کی خواہش ہے۔

عثمان خواجہ کو پاکستان میں کافی پسند کیا جاتا اور وہ بھی اپنے مداحوں کے سامنے کھیلنا چاہتے ہیں، اس بارے میں انھوں نے کہا کہ میری فیملی کا تعلق پاکستان سے ہے، میں خود بھی وہیں پیدا ہوا تھا، اس لیے ایک دن واپس وہاں جانا چاہوں گا، میں گذشتہ 11، 12  سال سے پاکستان نہیں گیا، مجھے وہاں پر کافی سپورٹ حاصل ہے، اس لیے جانا اور کچھ لوگوں سے ملنا کافی اچھا ہوگا۔

واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اب تک آسٹریلیا کی 44 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی 20 میچز میں نمائندگی کا اعزاز پایا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔