تونسہ شریف میں بھی دوبچوں کی ماں کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی


ویب ڈیسک September 11, 2020
گزشتہ رات نامعلوم افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون کا بیان۔ فوٹو:فائل

تھانہ ریتڑہ کے علاقے بستی لاشاری میں دو بچوں کی ماں سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

گزشتہ روز موٹروے پر گجر پورہ کے علاقے میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور پورے ملک میں خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی، ابھی اس واقعے کے زخم تازہ ہی ہیں اور ملتان میں ایک اور مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آگیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی

تونسہ شریف تھانہ ریتڑہ کے علاقے بستی لاشاری کی رہائشی خاتون نے بیان دیا ہے کہ اسے گزشتہ رات نامعلوم افراد نے زیادتی کا نشانہ بناڈالا، غریب ہونے کی وجہ سے ہماری فریاد نہیں سنی جارہی، اورواقعے پر متاثرہ خاتون کے لواحقین کی جانب سے احتجاج کے بعد میڈیکل اور مقدمہ درج کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے تونسہ کے علاقے میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔