کراچی مختلف علاقوں میں فائرنگ6افراد قتل2زخمی چل بسے

اورنگی ٹاؤن کی ہاشم کالونی اور افغان کیمپ کے قریب الجنت ولیج میں ہلاکتیں، جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب عمارت سے لاش ملی


Staff Reporter December 17, 2013
سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر 10-A میں واقع مکان سے 35 سالہ ماجد نامی شخص لاش ملی جسے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں6افراد ہلاک ہوگئے جبکہ چند روز قبل زخمی ہونے والے 2 افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔

اورنگی ٹائون کے علاقے ہاشم کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا، اقبال مارکیٹ پولیس کے مطابق مقتول پینٹ شرٹ میں ملبوس ہے، فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب رہائشی عمارت کی سیڑھیوں سے ایک شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او عیدگاہ عزیز شیخ کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ عظمت اللہ کے نام سے کی گئی جسے چہرے اور گردن پر تیز دھار آلے کے وار سے ہلاک کیا گیا، ملزم کا کردار ٹھیک نہیں تھا اور ممکن ہے کہ اس کے ساتھیوں نے ہی اسے ہلاک کیا ہو۔ سپر ہائی وے پر افغان کیمپ کے قریب الجنت ولیج میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ تاج الدین ہلاک ہوگیا ، گلشن معمار پولیس کے مطابق مقتول کو 5 گولیاں ماری گئیں، مقتول گزشتہ کئی روز سے لاپتہ تھا اور اہل خانہ کو کسی مزار پر جانے کا کہہ کر گیا تھا۔ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے مسجد اقصیٰ کے پیش امام کے صاحبزادے حافظ عتیق الرحمن جو اسپتال میں زیرعلاج تھے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اتوار کو نیپئر کے علاقے میں زخمی ہونے والا بلدیہ ٹائون کا رہائشی25 سالہ اسماعیل کچھی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ماڑی پور روڈ پر دعا ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 6 سالہ حمیرا دختر یوسف، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں 18 سالہ حسن ، فیروزآباد کے علاقے میں نرسری پل کے قریب 45 سالہ جاوید زخمی ہوگیا۔ چاکیواڑہ نمبر 2 الفرید بس اسٹاپ کے قریب سے ملنے والی لاش کو 28 سالہ یاسین ولد عبدالرشید کے نام سے شناخت کرلیا گیا ، مقتول کلاکوٹ کے علاقے عیدگاہ چوک کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب بابا لاڈلہ گروپ سے تعلق بتایا جاتا ہے ۔



پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر 10-A میں واقع مکان سے 35 سالہ ماجد نامی شخص لاش ملی جسے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ، ایس ایچ او اشفاق بلوچ کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کمرے میں فرش پر پڑی تھی جو کہ 2 سے 3 روز پرانی تھی جبکہ مقتول ماجد نے چند روز قبل ہی مکان کرایے پر لیا تھا اور اس کے ہمراہ تنزیلہ عرف عاطفہ نامی خاتون رہائش پذیر تھی جسے ماجد اہل محلہ رشتے دار بتاتا تھا جو کہ ملتان کی رہائشی تھی ۔

اشفاق بلوچ نے مزید بتایا کہ تنزیلہ عرف عاطفہ نے پیر کی شب مالک مکان کو فون کر کے بتایا کہ وہ اس وقت ملتان میں ہے اور میں نے ماجد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے اور لاش گھر میں پڑی ہے جس پر مالک مکان نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تاہم پولیس مختلف پہلوؤں پر قتل کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس حوالے سے مالک مکان کے موبائل فون پر آنے والے کال کا نمبر کا بھی سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ 2 نمبر الفرید بس اڈے کے قریب کار سوار ملزمان نامعلوم شخص کی ہاتھ پائوں بندھی لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، مقتول کی عمر 25 سے 30 کے درمیان ہے جبکہ اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے۔علاوہ ازیں لیاری میں گینگ وار کے 2 مسلح گروپوں میں ایک بار پھر سے جھڑپ ہوئی جس میں دونوں جانب سے جدید ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال ہوا جس سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ کا سلسلہ لیاری کے مختلف علاقوں تک پھیل گیا اس دوران کلاکوٹ زونل آفس کے قریب مورچہ بند فائرنگ سے 3 افراد دیپک ، محسن اور محمد احمد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر گینگ وار کے متحارب گروپوں کے کارندے گلیوں میں فرار ہوگئے ۔