تھری جی نیلامی ساڑھے4ماہ کے اندرکرنے کا فیصلہ

گرے ٹریفک کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی، اسحاق ڈارکی زیرصدارت اجلاس


Khususi Reporter December 18, 2013
تمام پراسیس 139دن میں مکمل کرلیا جائے گا اور 139دن میں تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کردی جائے گی۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے 139دن میں تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی بار ے وزیراعظم کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کا منگل کو اسلام آباد میں اعلی کا اجلاس منعقد ہواجس میں بتایا گیا کہ تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے کنسلٹنٹس کی تعیناتی کی خواہشمند پارٹیوں سے درخواستیں موصول ہوگئی ہیں اور درخواست گزار کمپنیوں کے مالی و تکنیکی ایویلیوایشن بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ تھری جی کی نیلامی کے لیے تمام پراسیس 139دن میں مکمل کرلیا جائے گا اور 139دن میں تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کردی جائے گی۔



کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے تعینات کیے جانے والے کنسلٹنٹس تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لائیں گے اور تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے روڈ شو منعقد کرانا اور انفارمیشن میمورنڈم کو فائنل کرنا بھی کنسلٹنٹس کی ذمے داری ہوگی۔ اجلاس میں پی ٹی اے نے ملک سے گرے ٹریفک کے خاتمے کیلیے اقدامات اور اس بارے میں پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرے ٹریفک روکنے کے لیے پی ٹی اے نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر 53 چھاپے مارے اور لاکھوں روپے کے گرے ٹریفک کے غیرقانونی کاروبار کو ختم کیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ پی ٹی اے کی طرف سے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر گرے ٹریفک کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائیگی۔

مقبول خبریں