مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی موسی خان گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 24 ستمبر 2020
موسی خان بلوچ کو 30 ستمبر تک دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

موسی خان بلوچ کو 30 ستمبر تک دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

پشاور: نیب نے مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی اور سابق ڈی ایف او موسیٰ خان کو گرفتار کرکے احتساب عدالت پیش کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب نے سابق ڈی ایف او موسی خان کو گرفتار کرلیا، ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات میں انکوائری جاری تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سابق ڈی ایف او کو سوالنامہ بھیجا تھا، جن کے جوابات جمع کرانے سابق ڈی ایف او نیب دفتر پشاور جا رہے تھے کہ انہیں راستے میں ہی متنی کے قریب نیب نے گرفتار کرلیا۔

سابق ڈی ایف او جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی رفقاء میں شامل ہیں، اور وہ جے یو آئی کے مرکزی کونسل کے رکن اور ڈی آئی خان میں تحصیل پہاڑ پور کے امیر ہیں، جب کہ ان کا بڑا بیٹا طارق بلوچ سربراہ جے یو آئی کا پرسنل سیکریٹری ہے۔

دوسری جانب امیر جمعیت علماء اسلام کے پی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے موسی خان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، موسی خان تحصیل امیر ہیں نیب اگر کسی بڑے کو بھی گرفتار کرے تو پیچھے نہیں ہٹیں گے، موسیٰ خان کو فوری رہا کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔