کسٹمز کی کارروائیاں، 5 کروڑ کی اسمگل شدہ اشیا ضبط

احتشام مفتی  اتوار 27 ستمبر 2020
اعلیٰ حکام کو منظم گروہ کی جانب سے مس ڈیکلریشن کے ذریعے بھارتی مصنوعی زیورات درآمد کرنے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ حکام کو منظم گروہ کی جانب سے مس ڈیکلریشن کے ذریعے بھارتی مصنوعی زیورات درآمد کرنے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس حیدرآباد نے انسداد اسمگلنگ مہم کی دو مختلف کارروائیوں میں 5کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ڈائریکٹوریٹ کے اعلیٰ حکام کو اسمگلروں کے منظم گروہ کی جانب سے مس ڈیکلریشن کے ذریعے بھارتی مصنوعی زیورات درآمد کرنے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن حیدرآباد کے عملے نے ضلع مٹیاری سعید آباد میں کارروائی کرتے کنٹینرسے 17ہزار کلوگرام بھارتی ممنوعہ مصنوعی زیورات برآمدکرلیے۔

ذرائع نے بتایاکہ ان زیورات کی مالیت 2کروڑ 90 لاکھ روپے ہے جنھیں کوئٹہ سے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا، ذرائع نے بتایاکہ حکام نے جب مصنوعی زیورات کی درآمدی دستاویزات طلب کیں تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے سامان منگوایا گیا تھا، ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس کے اہل کاروں نے سکھر میں ایک دوسری کارروائی کے دوران 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔