افغانستان میں امن کی کوششوں کے ساتھ شرپسندوں پر نظررکھنا ہوگی، شاہ محمود

اسٹاف رپورٹر  پير 28 ستمبر 2020
افغانستان کی اعلیٰ سطح کی  مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ آج پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچے ہیں(فوٹو، ریڈیو پاکستان)

افغانستان کی اعلیٰ سطح کی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ آج پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچے ہیں(فوٹو، ریڈیو پاکستان)

 اسلام آباد: مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کا خواب  شرمندہ ء تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

افغانستان کی اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں. ہم افغانستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری کا احترام کرتے ہیں. وزیر اعظم عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں. آج دنیا، پاکستان کے نکتہ نظر کو سراہ رہی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی سربراہی میں، افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے پر امن اور دیرپا سیاسی حل کا حامی ہے. پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں خلوص نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے. امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بعد ازاں دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد وہ تاریخی اور نادر مواقع ہیں جن سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے امید کی شمع روشن ہوئی.

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں قیام امن، خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے. ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کو شرمندہ ء تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے.

انہوں ںے کہا کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا. پاکستان دہائیوں سے مقیم لاکھوں افغان مہاجرین کی  باوقار  وطن واپسی کا خواہاں ہے.

چیرمین افغان اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی طرف  سے کی جانے والی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔