پی ٹی آئی لانگ مارچ کا التوا؛ پشاور سے اسلام آباد موٹروے ٹریفک کیلئے بحال

موٹروے ایم ون اسلام آباد تا پشاوردونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے، ترجمان موٹروے پولیس


ویب ڈیسک September 27, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ 4 اکتوبر پر ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد پشاور سے اسلام آباد تک موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ون اسلام آباد تا پشاوردونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ موٹروے ایم 14، ہکلہ تا کنڈل پر تاحال بحالی کا کام بدستور جاری ہے، اسی طرح موٹروے ایم ون سے ہزارہ موٹروے کو ملانے والی رابطہ سڑک پر بھی بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹروے ایم ون کے ذریعے اسلام آباد سے ایبٹ آباد جانے والی ٹریفک برہان انٹرچینج سے آؤٹ ہو کر بذریعے جی ٹی روڈ حسن ابدال سے دوبارہ ہزارہ ایکسپریس وے کو جھاری کس انٹرچینج سے جوائن کر سکتی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ جی ٹی روڈ این فائیو اسلام اباد تا پشاور ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہے۔