قومی کرکٹ کو سدھارنے کے نسخے تیار ہونے لگے

عباس رضا  منگل 29 ستمبر 2020
مصباح اور وقار یونس نے اہداف کے بارے میں بتایا،کپتانوں سے ملاقات
فوٹو : فائل

مصباح اور وقار یونس نے اہداف کے بارے میں بتایا،کپتانوں سے ملاقات فوٹو : فائل

 لاہور:  قومی کرکٹ کوسدھارنے کے نسخے تیار ہونے لگے جب کہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں شعبہ کوچنگ کے سربراہ گرانٹ بریڈ برن نے اپنی پریذینٹیشن میں ایسوسی ایشن کوچز کو ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔

نیشنل فریم ورک پر بات چیت کیلیے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق، بولنگ کوچ وقار یونس اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں شعبہ کوچنگ کے سربراہ گرانٹ بریڈ برن ملتان میں موجود ہیں۔

گزشتہ روز ان کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شریک صوبائی ٹیموں کے کوچز باسط علی، عبدالرزاق، محمد وسیم، فیصل اقبال،عبدالر حمان اور شاہد انور، کپتانوں سرفراز احمد، محمد رضوان، حارث سہیل، شان مسعود،شاداب خان،سعد نسیم اور معاون اسٹاف کے چند ارکان سے میٹنگ ہوئی۔

گرانٹ بریڈ برن نے اپنی پریزینٹیشن میں کوچز کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا، نئے اسٹرکچر میں ٹیموں کو ہائی پرفارمنس سینٹر کے تحت چلنے والے سسٹم سے منسلک رہنے کا طریقہ کار بھی بتایا، انھوں نے کھلاڑیوں کا مکمل ڈیٹا محفوظ رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

مصباح الحق اور وقار یونس نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست کا جائزہ لیا، میٹنگ کے دوران کوچز سے بات چیت میں انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ اہداف کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے آپ بورڈ کی آنکھ کا کردار ادا کریں گے۔

اس ضمن میں دی جانے والی تجاویز کو اہمیت دیتے ہوئے باصلاحیت کرکٹرز کو گروم کرنے کیلیے ہائی پرفارمنس سینٹر کے تمام تر وسائل استعمال کیے جائیں گے تاکہ قومی ٹیموں کیلیے اچھی کھیپ تیار ہوسکے،مصباح الحق اور وقار یونس اتوار کو ایسوسی ایشز کے کوچز سے الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہوئے مسائل سے آگاہی اور تجاویز حاصل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔