نواز شریف کا عسکری قیادت سے ملاقاتوں سے متعلق ہدایت نامہ جاری

نمائندہ ایکسپریس  منگل 29 ستمبر 2020
یہ ملاقاتیں اچھی نیت سے کی جائیں پھر بھی ان سے تنازعات جنم لیتے ہیں، نوٹی فکیشن

یہ ملاقاتیں اچھی نیت سے کی جائیں پھر بھی ان سے تنازعات جنم لیتے ہیں، نوٹی فکیشن

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے مسلح افواج اور متعلقہ ایجنسیوں کے حکام سے ملاقاتوں سے متعلق پارٹی رہنماؤں کیلیے ہدایت نامہ جاری کردیا۔

نواز شریف کی طرف سے یہ ہدایت نامہ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے جاری کیا جس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت سمجھتی ہے اگرچہ یہ ملاقاتیں اچھی نیت سے کی جائیں پھر بھی ان سے تنازعات جنم لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن عسکری قیادت سے ملاقات نہیں کرے گا، نوازشریف

ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ان ملاقاتوں کے مخصوص حصے سیاسی رہنماؤں کو بدنام کرنے اور مخصوص مقاصد کیلیے افشا کیے گئے، لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ مستقبل میں کوئی پارٹی رکن مسلح افواج یا متعلقہ ایجنسیوں کے کسی فرد سے ذاتی یا سرکاری سمیت کسی بھی نوعیت کی ملاقات نہیں کریگا۔

ن لیگ کے نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی کہ اگر ایسی کوئی ملاقات قومی سلامتی یا آئینی ذمہ داریوں کیلیے ضروری ہو تو پھر یہ پارٹی قائد کی منظوری سے کی جائیگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیے: آرمی چیف سے محمد زبیر نے 2 ملاقاتیں کیں

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف کے کل جماعتی اجلاس (اے پی سی) سے خطاب کو پارٹی اور عوام میں جیسے پذیرائی ملی اس سے وہ بہت خوش ہیں، نواز شریف پارٹی قیادت سے مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کی توقع کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔