آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن عسکری قیادت سے ملاقات نہیں کرے گا، نوازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 24 ستمبر 2020
سابق وزیراعظم نوازشریف نے عسکری قیادت سے ملاقاتو ں کی تصدیق کردی فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف نے عسکری قیادت سے ملاقاتو ں کی تصدیق کردی فوٹو: فائل

 لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے (ن) لیگی رہنما محمد زبیر کی عسکری قیادت سے خفیہ ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن عسکری قیادت سے ملاقات نہیں کرے گا۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں نواز شریف نے کہا کہ ‏حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں 7 پردوں میں چھپی رہتی ہیں اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے انہیں مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔ یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہیے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کررہا ہوں کہ آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا، قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لئے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیے: آرمی چیف سے محمد زبیر نے 2 ملاقاتیں کیں

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما نے نواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے عسکری قیادت سے 2 مرتبہ خفیہ ملاقاتیں کی ہیں، مریم نواز کی جانب سے اس کی تردید کے بعد ترجمان پاک فوج نے ان ملاقاتوں کی تصدیق کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔