مارول کی ’مسلم سپر ہیرو گرل‘ کی ٹی وی سیریز کیلیے پاکستانی لڑکی کا انتخاب

ویب ڈیسک  جمعرات 1 اکتوبر 2020
یہ ٹی وی سیریز ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2022 میں نشر کیا جائے گا فوٹوفائل

یہ ٹی وی سیریز ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2022 میں نشر کیا جائے گا فوٹوفائل

لاس اینجلس: مارول اسٹوڈیو نے اپنی پہلی مسلم سپر ہیرو کی ٹی وی سیریز کے لیے پاکستانی لڑکی کو منتخب کرلیا۔

مارول اسٹوڈیو اپنی پہلی مسلم سپر ہیرو مس مارول پر ٹی وی سیریز بنا رہا ہے۔ اس ٹی وی سیریز کے مرکزی کردار ’’کمالہ خان‘‘ کے لیے مارول اسٹوڈیو طویل عرصے سے کسی ایسی لڑکی کی تلاش میں تھا جو پاکستانی ہو لیکن امریکا میں پلی بڑھی ہو اور اب مارول اسٹوڈیو کی تلاش ختم ہوگئی ہے۔

مارول اسٹوڈیو کی پہلی مسلم سپرہیرو گرل ٹی وی سیریز میں اداکارہ ایمان ولانی ’’کمالہ خان‘‘ کا مرکزی کردار ادا کریں گی۔ 18 سالہ ایمان ولانی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ہیں اور گزشتہ برس ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔ وہ مستقبل میں سینیماٹو گرافر بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شرمین چنائے پہلی مسلم خاتون سپرہیرو پر مبنی ٹی وی سیریز کی ہدایات دیں گی

مارول اسٹوڈیو کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات پاکستان کی نامور ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید تین نامور ہدایت کار عدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن دیں گی۔ یہ ٹی وی سیریز ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2022ء میں نشر کیا جائے گا۔

مس مارول کے کردار کو مارول ایڈیٹر اور ڈائریکٹر ثنا امانت نے بطور شریک تخلیق کار 2014ء میں بنایا تھا۔ مس مارول 16 سال کی پاکستانی نژاد امریکی مسلم نوجوان لڑکی ہے جس کا نام کمالہ خان ہے جو امریکی شہر نیو جرسی میں رہتی ہے۔ اس کردار کے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ پہلا مسلم کردار ہے جس پر کامک بک سیریز بنائی گئی ہے۔

پاکستانی نژاد ہالی ووڈ اداکار کمیل نانجیانی نے ایمان ولانی کو مارول اسٹوڈیو کی پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کا کردار حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے یہ سیریز دیکھنے کے لیے انتظار نہیں ہورہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔