پاکستان نے ایک بار پھردورۂ بھارت کی پیشکش دہرادی

مئی میں بھارتی عام انتخابات کے بعد معاملات بہتر ہونا شروع ہوجائینگے، نجم سیٹھی


Sports Desk/AFP December 19, 2013
بنگلہ دیشی سیاسی صورتحال بگڑچکی،پاکستان ٹورکیلیے انتظارکی پالیسی اپنائے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے ایک بار پھر دورئہ بھارت کی پیشکش دہرا دی، ممبئی حملوں کے بعد بھارتی حکومت نے پڑوسی ملک سے تمام دو طرفہ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

گرین شرٹس نے گذشتہ دسمبر، جنوری میں محدود اوورز کی ایک سیریز کیلیے بھارت کا دورہ کیا لیکن اس سے روابط جڑے نہیں تھے، مصروف شیڈول کی وجہ سے بھارتی ٹیم طویل سیریز کھیلنے کے قابل نہیں ہے۔ پی سی بی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گذشتہ روز شارجہ میں میڈیا سے بات چیت میں اپنے اس عزم کا دوبارہ اظہار کیا کہ روایتی حریف کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلیے پاکستانی ٹیم ٹورکیلیے تیار ہے، انھوں نے کہا کہ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بھارت کو ہمارے ساتھ 2 ہوم سیریز کھیلنی ہیں،لاکھوں افراد اس کے منتظر ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس مئی میں بھارتی عام انتخابات کے بعد معاملات بہتر ہونا شروع ہوجائیں گے، ہمارے وزیر اعظم نواز شریف امید رکھتے ہیں کہ بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کے دورۂ پاکستان کے بعد کرکٹ معاملات میں بھی بہتری آئیگی۔

 photo 2_zpse947ba39.jpg

نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان بنگلہ دیشی ٹورکیلیے انتظار کی پالیسی اپنائے گا کیونکہ وہاں گذشتہ ہفتے جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر کی پھانسی کے بعد سیاسی صورتحال کافی بگڑ چکی ہے۔ بنگلہ دیش کو آئندہ برس 24 فروری سے 7 مارچ تک ایشیا کپ اور پھر 16 مارچ سے 6 اپریل تک آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئٹی کی میزبانی بھی کرنی ہے لیکن ان ایونٹس پر شک کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ نجم سیٹھی نے سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا فیصلہ کرے گی، ہمیں انہی پر عمل کرنا ہوگا۔