اداکار شہریار منور نے انڈسٹری سےغائب ہونے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  پير 5 اکتوبر 2020
گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے حادثے کے نتیجے میں میرا بازو ٹوٹ گیا تھا، شہریارمنور

گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے حادثے کے نتیجے میں میرا بازو ٹوٹ گیا تھا، شہریارمنور

 کراچی: معروف اداکار شہریار منور انڈسٹری سے دو ماہ غائب رہنے کے بعد منظر عام پر آگئے۔

شہریارمنور نے انسٹا گرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ لندن کے اسپتال میں نرس کے ساتھ مسکراتے ہوئے دکھائی دیے،  تصویر میں اداکار کے کاندھے پر سیفٹی بیلٹ بندھی نظر آرہی ہے۔

شہریار منور نے کیپشن میں تصویر کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فیس بک اور انسٹا گرام پر بے تحاشہ پیغامات موصول ہو رہے تھے جس میں مجھ سے یہ پوچھا جا رہا تھا کہ میں دو ماہ سے کہاں غائب ہوں، کسی کو بھی جواب نہ دینے اور اتنے لمبے عرصے کے بعد منظرعام پر آنے پر آپ سب لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں۔

اداکار نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو ماہ قبل میں اپنی بائیک پر شمالی علاقہ جات گیا تھا تاہم گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے میرے ساتھ حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں میرا بازو ٹوٹ گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے ہیلمٹ اور دیگر حفاظی کٹ کی وجہ سے مجھے زیادہ چوٹ نہیں آئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حادثے میں میرا بازو بُری طرح زخمی ہوا اور ٹوٹنے کی وجہ سے مجھے فوری لندن روانہ ہونا پڑا جہاں میرے بازو کا آپریشن کیا گیا۔ الحمد اللہ میں اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

شہریارمنور نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے متعلق نوجوانوں کو ہدایت دی کہ موٹرسائیکل بہت ہی اچھی سواری ہے لیکن اتنی ہی خطرناک بھی ہے اس لئے ہمیشہ جب بھی یہ سواری کریں تو تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔