حفیظ نے فارم میں آتے ہی کوچ کی ہمدردیاں سمیٹ لیں

آل رائونڈر کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کریں پاکستانی ٹیم کوفائدہ ہی ہوگا، ڈیو واٹمور


Sports Desk December 20, 2013
کوچ ڈیوڈ واٹمور نے حفیظ کا ٹیم کا اثاثہ قرار دے دیا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

محمد حفیظ نے فارم میں واپس آتے ہی ڈیو واٹمور کی ہمدردیاں سمیٹ لیں،کوچ نے انھیں پاکستان کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ آل رائونڈر کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کریں ٹیم کو فائدہ ہی ہوگا، ہیڈ کوچ صہیب مقصود کے عزم اور شرجیل خان کی صلاحیتوں کی داد دیے بنا بھی نہ رہ سکے۔

تفصیلات کے مطابق رخصتی کے قریب ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اپنی آخری سیریز کے پہلے ون ڈے میں بیٹنگ لائن کی کامیابی پر انتہائی مسرور نظر آتے ہیں، انھوں نے کہاکہ محمد حفیظ فارم کی واپسی کیلیے بے تاب تھے، جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ میں ناکامی پر ڈراپ کیے جانے کی باتوں سے انھیں سخت مایوسی ہوئی، تاہم انھوں نے بھرپور توجہ کارکردگی دکھانے پر مرکوز رکھتے ہوئے اپنی صلاحیت منوالی، سنچری مکمل کرنے پر ان کا خوشی منانے کا انداز اندرونی کیفیت کی غمازی کرتا تھا۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ مشکل حالات میں محمد حفیظ کی میں نے کس طرح حوصلہ افزائی کی وہ خود ہی بتا سکتے ہیں، آل رائونڈر ہر لحاظ سے پاکستان کا اثاثہ ہیں،وہ کسی نمبر پر بھی کھیلیں ٹیم کیلیے مفید ہوگا،میرا دور ختم ہونے والا ہے لیکن وہ کئی سال تک پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔

 photo 4_zps4856b939.jpg

کوچ نے کہاکہ صہیب مقصود نے انتہائی کم وقت میں وزن کم کرکے ہی اپنے عزائم کا اظہار کردیا تھا، نوجوان بیٹسمین کی کچھ کردکھانے کیلیے بے تابی انھیں سکواڈ میں شامل کرانے کیلیے کافی تھی، انھوں نے چند اچھی اننگز کھیل کر اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ صہیب مقصود اکثر مجھ سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل خان کو بچپن کا دوست بتاتے، پہلے ون ڈے میں ان کی جارحانہ اننگز کے دوران بھی صہیب پیشگوئی کرتے رہتے جو درست بھی ثابت ہوتی، کرکٹرز کی ایک دوسرے کے بارے میں اتنی سمجھ بوجھ خوش آئند ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں میچ سے قبل بھول گیا تھا کہ شرجیل کا ون ڈے ڈیبیو ہے، بعدازاں سب نے مقابلے سے قبل اور پھر شاندار کارکردگی کے بعد بھی ان کو مبارکباد پیش کی، واٹمور نے کہا کہ شرجیل اچھا اضافہ ہے لیکن ابھی سے نوجوان بیٹسمین کو مستقبل کا عظیم کرکٹر قرار دینا درست نہیںہوگا، البتہ ان میں اتنی صلاحیتیں ہیں کہ ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرسکیں۔